QR CodeQR Code

عرب ممالک کی شام پر حملے کی حمایت شرمناک ہے،صاحبزادہ حامدرضا

8 Sep 2013 18:18

اسلام ٹائمز:لاہور میں علماومشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہناتھاکہ ہمارے حکمرانوں نے پاکستان کی خودمختاری امریکی وائٹ ہاؤس میں گروی رکھ دی ہے، ریاست مخالف دہشت گردوں سے مذاکرات ملک سے دشمنی ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہی امن کی چابی ہے، عسکری ونگز رکھنے والی جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے، امریکہ استعماری گھمنڈ میں مبتلا ہے، مسلم حکمران امریکہ کی بجائے اللہ سے ڈریں،کراچی کا امن ہائی جیک کرنے والے قانون شکن عناصر کو پوری ریاستی طاقت کے ساتھ کچلا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے پاکستان کی خودمختاری امریکی وائٹ ہاؤس میں گروی رکھ دی ہے، ریاست مخالف دہشت گردوں سے مذاکرات ملک سے دشمنی ہو گی، عرب ممالک کی شام پر حملے کی حمایت شرمناک ہے، مسلم اُمّہ امریکی جارحیت کا راستہ روکنے کے لیے متحد ہو جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی غفلت کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گرد ریاست سے زیادہ طاقتور ہو گئے ہیں، سیاسی جماعتیں مجرموں کی پشت پناہی ختم کر دیں، ہمارے حکمران امریکی ایجنڈے کی بجائے مصطفائی ایجنڈا اپنائیں، نظامِ مصطفی (ص)کے نفاذ سے ظلم، جبر اور استحصال کا خاتمہ ہو گا، نظامِ مصطفی (ص)کے نفاذ کے بغیر ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے، غربت اور مہنگائی کی وجہ سے غریب کا چولہا ٹھنڈا اور دل جل رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بدترین عالمی سازشوں کی زد میں ہے اور حکمرانوں کی غلط حکمت عملیوں کی وجہ سے پاکستان کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں، اہم ریاستی اداروں میں موجود میر جعفر اور میرصادق غیرملکی قوتوں کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں، ان نازک حالات میں 18کروڑ پاکستانیوں کو بیدار اور متحد ہو کر وطن مخالف عالمی سازشوں کا راستہ روکنا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 299862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/299862/عرب-ممالک-کی-شام-پر-حملے-حمایت-شرمناک-ہے-صاحبزادہ-حامدرضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org