0
Sunday 8 Sep 2013 18:49

زرداری دور میں پاکستان بین الاقوامی قوتوں دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، غنویٰ بھٹو

زرداری دور میں پاکستان بین الاقوامی قوتوں دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ گو کہ صدر زرداری کی مدت اقتدارکا اختتام پاکستان کے غریب عوام کیلئے کوئی بڑی خوشخبری نہیں اور نہ ہی ان کے حالات میں کوئی خاص تبدیلی رونماء ہونے کی امید ہے لیکن صدارتی ہاﺅس سے منافقت، بے اصولی، اقربا پروری اور کرپشن کی سیاست کا خاتمہ ضرور ہوگا جو ملک و ملت کیلئے ایک خوشخبری سے کم نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقتدار کی چھتری سے باہر نکلنے کے بعد سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ان سے لوٹی ہوئی دولت عوام کو واپس دلائی جائے تاکہ تباہ حال ملکی معیشت کو سہارا دیا جائے۔

سترکلفٹن سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے مزید کہا کہ زرداری کے دور حکومت میں قتل و غارتگری اور لوٹ کھسوٹ کا راج قائم رہا، ملک کے صنعتی ادارے تباہ حال رہے اقربا پروری، لاقانونیت اور کرپشن کے کئی ریکارڈ قائم کئے گئے مذکورہ معاملات میں عدالت عالیہ کے احکامات کو بھی نظر انداز کیا گیا، اندرونی اور بیرونی سرمایہ کار اپنا سرمایہ پاکستان میں لگانے کے بجائے دیگر ممالک کو ترجیح دیتے رہے اور بین الاقوامی سامراجی قوتوں کے سربراہ امریکا اور انکے اتحادیوں کیلئے ملکی سرحدیں کھول دی گئیں جس کی وجہ سے آج ملکی خود مختاری اور سالمیت داو پر لگی ہوئی ہے اور پاکستان بین الاقوامی قوتوں دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔

غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ملکی حالات سے عوام کو آگاہی دینے کے بجائے جھوٹ پر جھوٹ بولا جاتا رہا اور ملکی خارجہ پالیسی امریکی مفادات کے تابع رہی اور صوبوں کو حقیقی معنوں میں سیاسی، قانونی اور مالی اختیارات دینے کے بجائے اعلانات اور آئین میں ترمیمات پر ہی اکتفاء کیا گیا لیکن درحقیقت صدارتی ہاﺅس ہی تمام اختیارات کا مرکز بنا رہا۔ غنویٰ بھٹو نے اپنے بیان میں نواز حکومت پر زور دیا کہ وہ زرداری حکومت کی اندرونی و بیرونی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھنے کے بجائے ملکی خود مختاری و سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے عوام دوست معاشی و سیاسی پالیسیاں تشکیل دے بصورت دیگر ان کا حشر بھی زرداری اور ان کی پارٹی سے مختلف نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 299875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش