QR CodeQR Code

کراچی،مصری عوام اور شامی حکومت سے یکجہتی کے لئے جماعت اسلامی کا مارچ

9 Sep 2013 12:07

اسلام ٹائمز: مقررین کا کہنا تھا کہ شام کی حکومت کے حوالے سے اختلافات کے باوجود ہم شام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور شام پر حملہ کو پورے عالم اسلام پر حملہ تصور کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پوری امت مسلمہ امریکہ کے خلاف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے تحت مصر میں جاری مظالم کے خلاف اور وہاں کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں ایک عظیم الشان مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مارچ مزار قائد سے شروع ہوا اور تبت سنٹر پر اختتام پذیر ہوا، جہاں پر جماعت اسلامی کے قائدین نے خطاب کیا۔ مارچ میں ہزاروں مرد و خواتین، بزرگ، بچوں اور جوانوں نے شرکت کی اور مصر کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرے میں اقلیتی برادری نے بھی بھرپور شرکت کی۔

مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ اور مغرب نے اسلامی تحریکوں کی جمہوری جدوجہد اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرکے دوہرے معیار کا ثبوت دیا ہے، مصر، فلسطین اور الجزائر میں جمہوری طریقوں سے کامیابی حاصل کرنے والوں کا راستہ روکا گیا۔ امریکہ اور مغرب کسی صورت میں بھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے بلکہ یہ ہمارے خطرناک ترین دشمن ہیں۔ امریکہ اور اسکے حواری شام کا وہی حشر کرنا چاہتے ہیں جو عراق کا کرچکے ہیں، لیکن ان کو جان لینا چاہئے کہ عالم اسلام اور عرب دنیا میں بیداری کی لہر کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ عالم اسلام میں عوامی بیداری کی یہ لہر اسلامی انقلاب کا سنگ میل ثابت ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کراچی نے وقت کی آواز پر لبیک کہا ہے اور لاکھوں کی تعداد میں کلمہ گو مسلمانوں کو آج یہاں جمع کردیا ہے۔ یہ اس بات کا اعلان ہے کہ اہل ایمان اور عالم اسلام کو ڈرایا اور دبایا نہیں جاسکتا۔ ایٹمی حملوں کی دھمکیوں سے اس کاروان کو روکا نہیں جاسکتا۔ اس قافلے کے حوصلوں کو توڑا نہیں جاسکتا۔
منور حسن کا مزید کہنا تھا کہ پورے عالم اسلام میں اور پورے عرب میں بیداری کی ایک لہر پیدا ہوئی ہے۔ یہ ممکن نہیں ہے کہ شام پر حملہ کرکے اس بیداری کو دیوار سے لگایا جاسکے۔ عرب ممالک کے اندر ایک عرب بہار پیدا ہوچکی ہے، اسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔

مارچ سے جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز، کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء نصراللہ خان شجیع، حافظ نعیم الرحمان اور دیگر نے خطاب کیا۔ انکا کہنا تھا کہ آج اس موقع پر پورے شہر کو مبارک باد پیش کیا جاتا ہے کہ یہاں کی عوام نے امت مسلمہ کی لاج رکھ لی ہے اور مصر، شام، کشمیر، فلسطین، افغانستان، عراق، برما اور چیچنیا کے مسلمانوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرکے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ شام کی حکومت کے حوالے سے اختلافات کے باوجود ہم شام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور شام پر حملہ کو پورے عالم اسلام پر حملہ تصور کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پوری امت مسلمہ امریکہ کے خلاف ہے۔ آج مارچ نے ثابت کردیا کہ پاکستانی عوام اور کراچی کے شہری امت مسلمہ کے ساتھ ہیں اور انکے دل امت مسلمہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، نائب امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو، کراچی کے نائب امراء برجیس احمد، راجہ عارف سلطان، سید محمد اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 300038

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/300038/کراچی-مصری-عوام-اور-شامی-حکومت-سے-یکجہتی-کے-لئے-جماعت-اسلامی-کا-مارچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org