QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کا سندھ اسمبلی میں ارکان کے نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے پر احتجاج

9 Sep 2013 19:15

اسلام ٹائمز: واضح رہے کہ سندھ پولیس کو انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ایک فہرست موصول ہوئی ہے جس میں گرفتاری کے لئے ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دوسری سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کے نام درج ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم نے 10 ارکان اسمبلی کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے تحریک استحقاق پیش کردی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی صدارت میں سندھ اسمبلی میں اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری نے متحدہ قومی موومنٹ کے 10 ارکان اسمبلی کے نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیے جانے پر تحریک استحقاق پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے عوام نے منتخب کیا ہے میرے خلاف کارروائی ووٹرز کی توہین ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے مطلوب فہرستوں میں فیصل سبزواری، ڈاکٹر صغیر، ارتضیٰ فاروقی، عظیم فاروقی، کامران فاروق، ریحان ظفر اور اشفاق منگی شامل ہیں، تاثر دیا گیا ہے کہ ان افراد کو گرفتار کرلیا جائے تو امن قائم ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے نام دہشت گردی کی فہرست مین شامل کرنا ان نام نہاد عناصر کا کارنامہ لگتا ہے جنہوں نے مہاجر ری پبلکن آرمی کا معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے تحریک کے ساتھ مطلوبہ فہرست فراہم نہ کرنے پر تحریک استحقاق کو قواعد کے برخلاف قرار دیا۔ صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ متحدہ کے ناموں والی فہرست تسلیم نہیں کرتے یہ فہرست سندھ حکومت نے نہیں ایجنسیوں نے بنائی ہے۔ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد اور خواجہ اظہار نے معاملہ اسپیشل کمیٹی کے سپرد کرنے جبکہ سرکاری بینچوں نے تحریک استحقاق واپس لینے پر اصرار کیا، بحث و مباحثے کے بعد ایم کیو ایم نے تحریک واپس لے لی۔ واضح رہے کہ سندھ پولیس کو انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ایک فہرست موصول ہوئی ہے جس میں گرفتاری کے لئے ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دوسری سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کے نام درج ہیں۔


خبر کا کوڈ: 300195

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/300195/ایم-کیو-کا-سندھ-اسمبلی-میں-ارکان-کے-نام-دہشت-گردوں-کی-فہرست-شامل-کرنے-پر-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org