0
Monday 9 Sep 2013 19:24

قوم امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کیلئے متحد ہو جائے،صاحبزادہ حامد رضا

قوم امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کیلئے متحد ہو جائے،صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات شرعی، قانونی اور آئینی اصولوں پر کیے جائیں،حکومت دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے، افواجِ پاکستان اور عوامِ پاکستان لازم و ملزوم ہیں، ملکی مسائل کے ذمہ دار جاگیردار، وڈیرے، مراعات یافتہ طبقات اور حکمران اشرافیہ ہے، قوم امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لیے متحد ہو جائے کیونکہ امریکہ کی غلامی سے آزادی حاصل کیے بغیر آزادی کا تصور بے معنی ہے، پاکستان اس وقت بدترین عالمی سازشوں کی زد میں ہے اور حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔

انہوں نے 22ستمبر کو ایوان اقبال لاہور میں ہونے والی سفیرِ امن کانفرنس کے انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے حالات خراب کر کے یہاں اقوام متحدہ کی فوج لانے اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور اس خطرناک منصوبے پر عمل کے لیے ماحول تیار کیا جا رہا ہے، ان حالات میں 16کروڑ محب وطن پاکستانیوں کو متحد ہو کر پاکستان دشمن سازشوں کا راستہ روکنا ہو گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک کی سالمیت سے کھیلنے والے کرائے کے قاتل کسی رحم کے مستحق نہیں،قوم دہشت گردوں کی مذمت میں اگر مگر کا سہارا لینے والے مذہبی و سیاسی راہنماؤں کا گھیراؤ کرے، قومی قیادت سے عوام کی مایوسی تباہ کن ہو سکتی ہے، اربوں روپے کے قرضے معاف کروانے والے سیاستدانوں سے پائی پائی وصول کی جائے اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر کے ہر سطح پر سادگی کے کلچر کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ حکمران عوام کو امن، روزگار، تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اور انقلابی اقدامات کریں کیونکہ ایسا نہ کیا گیا تو بھوک، بیماری، بے گھری، بیروزگاری اور مہنگائی سے جنم لینے والا آتش فشاں پھٹ جائے گا اور اقتدار و اختیار کے ایوانوں کو بہا لے جائے گا، نئے حکمرانوں نے قوم کا کوئی دیرینہ مسئلہ حل نہیں کیا، پاکستان بنانے والے صوفیا کے فکری وارثین پاکستان بچانے کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست مخالف دہشت گردوں سے مذاکرات کی بجائے ان کے خلاف ایکشن کیا جائے۔ اجلاس میں پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد سعید رضوی، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، میاں فہیم اختر، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مفتی محمد کریم خان، راؤ حسیب احمد، حاجی رانا شرافت علی قادری، شیخ محمد ذوالفقار رضوی، الحاج سرفراز تارڑ، معین الحق علوی، شیخ اظہر سہیل اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 300198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش