0
Tuesday 10 Sep 2013 00:27

آصف علی زرداری اسوقت ایک عالمی لیڈر کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، شرجیل میمن

آصف علی زرداری اسوقت ایک عالمی لیڈر کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر کی حیثیت سے اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرلی ہے اور انتہائی باوقار انداز میں ایوان صدر سے رخصت ہوگئے ہیں لیکن پاکستان کیلئے فخر بات یہ ہے کہ اس مرحلے پر پوری دنیا یہ بات تسلیم کر رہی ہے کہ آج پاکستان پانچ سال پہلے والے پاکستان سے بہت مختلف ہے۔ اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار جمہوری طریقے سے اقتدار کی پر امن منتقلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وفاق پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم کامیابیوں کے بعد پاکستانی قوم پر اعتماد اور متحد ہے اور اس سے ملک میں قیام امن کی ایک سمت مل گئی ہے۔
 
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان سیاسی اور معاشی خودمختاری کی منزل کی طرف گامزن ہو چکا ہے۔ پہلی مرتبہ پاکستان میں سامراجی شکنجوں سے نکلتی ہوئی قومی تقاضوں سے ہم آہنگ معیشت استوار ہو رہی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کی انتہائی غریب آبادی کی کفالت کیلئے پہلی مرتبہ پاکستانی ریاست بہت بڑے بجٹ کے ساتھ فلاحی کردار ادا کر رہی ہے اور خطے میں خصوصاً براعظم ایشیاء میں علاقائی اتحاد زیادہ مضبوط ہوئے ہیں اور اقتصادی بلاکس کا تصور ایک بار پھر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلیاں عالمی برادری محسوس کر رہی ہے، جن کا اظہار مختلف عالمی رہنماء اپنے بیانات میں وقتاً فوقتاً کرتے رہے ہیں جو اس امر کی دلیل ہے کہ آصف علی زرداری کو وہ ایک عالمی لیڈر کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان کے اندر بھی آصف علی زرداری کے مخالفین بھی اس حقیقت سے انکار نہیں کر سکتے کہ ان پانچ سالوں میں پاکستان نے اپنے استحکام اور خودمختاری کیلئے حیرت انگیز حد تک آگے سفر کیا ہے۔
 
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم اس بات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں الوداعی ظہرانہ کا اہتمام کیا اور ایک منتخب صدر کی باوقار رخصتی کیلئے قابل ستائش روایت قائم کی۔ لیکن تاریخ میں جو احترام اور وقار آصف علی زرداری کے حصے میں آیا ہے، وہ بہت کم لوگوں کا مقدر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے پہلے سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے ایک منتخب صدر کی حیثیت سے اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کی ہے۔ انہیں یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل اور استحکام کیلئے متنازع انتخابی نتائج کو خوش دلی سے تسلیم کیا اور نہ صرف مخالف سیاسی جماعت کے وزیر اعظم سے حلف لیا بلکہ ایوان صدر کو باوقار انداز میں خیرباد کہہ دیا۔
خبر کا کوڈ : 300264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش