QR CodeQR Code

اے پی سی میں دہشت گردی کی شکار جماعتوں کو نہ بلانا افسوسناک ہے،صاحبزادہ حامد رضا

10 Sep 2013 20:08

اسلام ٹائمز:سندھی علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوے چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہناتھاکہ ملکی استحکام کے لیے فرقہ وارانہ قتل و غارت کا خاتمہ ضروری ہے، غیرملکی پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، امریکہ بھارت اور اسرائیل کی وجہ سے انسانیت کا خون بہہ رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت کا اتفاق رائے خوش آئند ہے،اے پی سی میں دہشت گردی کی شکار جماعتوں کو نہ بلانا افسوسناک ہے، پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کے لیے قومی قیادت کے اتحاد کا خیرمقدم کرتے ہیں، آصف علی زرداری کی صدارت کے پانچ سال پورے ہونا نیک شگون ہے، پرامن انتقال اقتدار سے جمہوریت مضبوط ہو گی اور جمہوری رویے مستحکم ہوں گے، نئے صدر مملکت کو جمہوریت کے استحکام اور صوبوں میں ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ سے آئے ہوئے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملکی استحکام کے لیے فرقہ وارانہ قتل و غارت کا خاتمہ ضروری ہے، غیرملکی پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، امریکہ بھارت اور اسرائیل کی وجہ سے انسانیت کا خون بہہ رہا ہے۔ عالمی امن کو یقینی بنانے کے لیے کشمیر، افغانستان، عراق، فلسطین، شام اور مصر کے تنازعات کا حل ضروری ہے۔ ان تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان کے حکمران اپنے اثاثے پاکستان منتقل کریں اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر کے کفایت شعاری کی پالیسی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس، گورنر ہاؤسز اور وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کا 50فیصد بجٹ کم کر کے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان بچانے اور پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 300544

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/300544/اے-پی-سی-میں-دہشت-گردی-کی-شکار-جماعتوں-کو-نہ-بلانا-افسوسناک-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org