QR CodeQR Code

نائن الیون ڈرامہ مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کیلئے رچایا گیا، سید وسیم اختر

11 Sep 2013 18:36

اسلام ٹائمز:امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا ہے کہ عراق میں پندرہ سے بیس لاکھ مسلمانوں کو ناحق موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، یو این او کا وار ٹربیونل تحقیقات کرے، دنیامیں امن کا عالمی چیمپئن درحقیقت دہشت گردملک ہے جس نے دنیا کا امن تبا و برباد کرکے رکھ دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ رکن صوبائی اسمبلی وپارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ امریکہ نے نائن الیون کا ڈرامہ مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے رچایا، یہی وجہ ہے کہ آج تک امریکی حکام دنیا کے سامنے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے، 2000ء میں امریکہ کی صدارتی الیکشن مہم کے دوران دائیں بازو کے ایک تھنک ٹینک نے’’پراجیکٹ فار دی نیو امریکن سنچری‘‘تیار کیا جس کا مقصدامریکہ کو دنیا کی سپرپاور اور ناقابل شکست ملک بنانا اور مشرق وسطیٰ کے تیل پر قبضہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنی ضرورت کا 60 فیصد تیل درآمد کرتا ہے، گزشتہ 30 سال سے اس کے تیل کی پیداوار میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، اس ضرورت کو پورا کرنے کی خاطر عراق میں کیمیائی ہتھیاروں کا جھوٹ بولا گیا جبکہ اس جنگ کیخلاف پوری دنیا میں 3 کروڑ 60 لاکھ افراد نے 3 ہزار سے زائد احتجاجی مظاہرے اور خود 64 فیصد امریکی عوام نے اس کی شدید مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ عراق میں پندرہ سے بیس لاکھ مسلمانوں کو ناحق موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، یو این او کا وار ٹربیونل تحقیقات کرے، دنیا میں امن کا عالمی چیمپئن درحقیقت دہشت گرد ملک ہے جس نے دنیا کا امن تبا و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری نام نہاد جنگ کا سب سے زیادہ جانی ومالی نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے، پاکستان میں اب تک 40 ہزار قیمتی جانیں اس جنگ کی نذر ہو چکی ہیں، ایک طرف پاکستان کے 2 ہزار 273 افسر اور جوان شہید جبکہ 6 ہزار 512 فوجی جوان زخمی ہوئے ہیں اور دوسری طرف افغانستان میں اتحادی افواج کی ٹوٹل ہلاکتیں 2 ہزار نہیں ہوئیں، پاکستان کی معیشت کو 100 ارب ڈالر کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے، ملکی قرضے 80 ارب ڈالر کو چھو رہے ہیں۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہا کہ بارہ سال قبل شروع ہونیوالی جنگ ایک خوفناک شکل اختیار کر چکی ہے، وطن عزیز میں خودکش اور ڈرون حملوں کا لامتناعی سلسلہ جاری ہے، نام نہاد جنگ جسے سابق صدر پرویز مشرف نے امریکہ کے سامنے اپنا سر تسلیم خم کر کے ہم پر مسلط کی تھی آج پاکستان کے گلی محلوں میں لڑی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی سب کچھ امریکہ کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، اب بھی حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ہمارا نام و نشان تک مٹ جائے گا، دشمن سوچی سمجھی سازش کے تحت ہم پر حملہ آور ہے، موجودہ حکومت کو ملکی مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 300853

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/300853/نائن-الیون-ڈرامہ-مسلم-ممالک-کے-وسائل-پر-قبضہ-کیلئے-رچایا-گیا-سید-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org