QR CodeQR Code

ملک کو مسائل سے نجات صرف تحریک انصاف دلا سکتی ہے، جاوید ہاشمی

12 Sep 2013 01:23

اسلام ٹائمز: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس ان بحرانوں کو کنٹرول کرنے کی نہ صلاحیت ہے اور نہ ہی کوئی پروگرام ان کے پیش نظر ہے جبکہ تحریک انصاف کے پاس عمران خان کی صورت میں نڈر قیادت اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے جامع پروگرام ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے اپنی نااہلیوں اور ناقص پالیسیوں سے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے۔ عوام پر ڈائریکٹ ٹیکس ضروریات زندگی سے متعلقہ اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کا بوجھ ڈال کر جنیا دوبھر کر دیا ہے جبکہ رہی سہی کسر موجودہ حکومت نے اپنے آغاز کے تین ماہ میں پوری کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ (ن)لیگ کی جانب سے ٹیکسز میں اضافہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری بار اضافہ کو عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔ حکومت کے اس عمل سے مہنگائی کے نہ رکنے والا سیلاب کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر گھمبیر مسائل سے صرف تحریک انصاف نجات دلا سکتی ہے۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس ان بحرانوں کو کنٹرول کرنے کی نہ صلاحیت ہے اور نہ ہی کوئی پروگرام ان کے پیش نظر ہے جبکہ تحریک انصاف کے پاس عمران خان کی صورت میں نڈر قیادت اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے جامع پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی پارٹی کی صورت میں ابھر کر سامنے آئے گی۔


خبر کا کوڈ: 300974

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/300974/ملک-کو-مسائل-سے-نجات-صرف-تحریک-انصاف-دلا-سکتی-ہے-جاوید-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org