0
Thursday 12 Sep 2013 09:45

چوہدری یاسین کی عبدالقادر بلوچ سے ملاقات

چوہدری یاسین کی عبدالقادر بلوچ سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ سے ہونی والی ملاقات میں کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف ملکر جدوجہد کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ خوش آئند ہے اس طرز پر آزاد کشمیر میں بھی مشترکہ مسائل کے حل کے لیے حکومت و اپوزیشن کو مل کر چلنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد خطہ میں قائم پیپلز پارٹی کی حکومت کو خطے کے عوام کے مسائل کا ادراک ہے اسی لیے ہم سنجیدگی سے خطے کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوانوں کو روزگار دینے کےلیے وفاقی حکومت وسائل فراہم کرے تو ہمارے مسائل میں بہت زیادہ کمی ممکن ہو سکتی ہے۔

چوہدری یاسین نے وفاقی وزیر سے کہا کہ وہ آزاد کشمیر میں جاری ایسے تمام ترقیاتی منصوبے جو ایرا کے بند ہونے سے متاثر ہوئے ہیں کی تعمیراتی رکاوٹیں دور کرنے کے حوالے سے فوری اقدامات کریں۔ انھوں نے کہا کہ ایرا کے بند ہونے سے تعمیرات کے عمل میں جو خلل پڑا ہے اس خلل کا دور کیا جانا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے سینئر وزیر سے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے مسائل سے آگاہ ہے اور جاری منصوبوں پر کام میں موجودہ رکاوٹوں کو جلد دور کر دیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان سمیت آزادکشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے اچھی طرف واقف ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ ہر جگہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے مسائل کو بلاتخصیص حل کریں۔
خبر کا کوڈ : 301029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش