0
Friday 13 Sep 2013 18:22

گلگت، محکمہ تعمیرات میں ایک اور کریک ڈاؤن کی تیاری

گلگت، محکمہ تعمیرات میں ایک اور کریک ڈاؤن کی تیاری
اسلام ٹائمز۔ محکمہ تعمیرات عاملہ گلگت بلتستان میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان یونس ڈاگا کے خصوصی احکامات کے تحت  اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کے اگلے مرحلے میں اطلاع ہے کہ بارہ سے زائد سینئر آفیسرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ عنقریب شروع ہونے والا ہے، یہ مرحلہ وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم کی تیار کردہ انکوائری رپورٹس کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چھ ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔ اس کرپشن میں جعلسازوں سے من پسند پارٹیوں کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کرنے اور کمیشن لیکر فائدہ حاصل کرنے اور من پسند ٹھیکیداروں کی بندربانٹ کے علاوہ غیر قانونی بھرتیوں کے سنگین الزامات ہیں۔ معلوم  ہوا ہے کہ یہ تحقیقاتی رپورٹس سابق سیکرٹری سلیمان ولی کے دور میں تیار کی گئی تھیں لیکن سیاسی دباؤ اور ’’مٹی پاؤ‘‘ پالیسی کے تحت ان بااثر اور اعلیٰ رتبہ سرکاری آفیسرز کے خلاف کوئی جاندار کاروائی نہ ہو سکی البتہ ان رپورٹس کی موجودگی میں حالیہ دنوں چیف سیکرٹری نے ایکبار پھر عوامی شکایات اور سرکاری اداروں میں گھپلوں کے سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد ان پر ازسرنو غور کرنے اور کرپشن کی فائل دوبارہ سے کھولنے کا حکم دیا۔ حالیہ ہفتوں میں محکمہ تعمیرات کے چند اہلکار مبینہ کرپشن کے اثرات کے تحت معطل کئے جا سکتے ہیں۔ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ محکمہ تعمیرات اور دیگر اداروں میں کرپشن کا ناسور ناقابل علاج ہو چکا ہے، بااثر گروپس جعلسازیوں اور حکام بالا کے ساتھ گٹھ جوڑ کی بنیاد پر تمام فائدے من پسند ٹھیکہ ہتھیا لیتے ہیں۔ کمال تعجب یہ ہے کہ فائدے والے کام بھاری ایڈوانس ادائیگیوں کے بعد بھی مکمل نہیں ہوتے گلگت بلتستان میں ایسے کئی برج، عمارتیں، سڑکیں اور دیگر منصوبے ٹھیکیداروں کی من مانی اور محکمے میں بیٹھے ان کے مرجیوں کے ناجائز لاڈپیار کی بدولت آج بھی نامکمل پڑے ہیں، جبکہ بعض ایسی سکیمیں اے ڈی پی سے ڈیلیٹ بھی ہو چکی ہیں لیکن کبھی بھی کسی ذمہ دار نے ایسے کسی بدعنوان ٹھیکیدار کو آڑے ہاتھوں لیا ہو۔ چلو دیر آید درست آید کے مصداق چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ورکس نے ایسے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے کا منصوبہ بنا لیا ہے، اور اب انہیں تمام دباؤ اور پسند ناپسند یا ان کی سیاسی ہمدردیوں کو بالائے طاق رکھ کر میرٹ پر کاروائی کرنی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 301463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش