0
Friday 13 Sep 2013 19:44

مذاکرات ہی پرامن اور پائیدار حالات کا راستہ کھول سکتے ہیں، گورنر پنجاب

مذاکرات ہی پرامن اور پائیدار حالات کا راستہ کھول سکتے ہیں، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ملک کی سلامتی اور معاشی ترقی کو اپنی حکومت کا بنیادی ایجنڈا قرار دیا ہے، حال ہی میں منعقدہ اے پی سی کے اغراض و مقاصد بھی اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ ہم اپنے بنیادی اہداف اُسی وقت حاصل کر سکتے ہیں جب خطے میں دیر پا امن ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جماعت اسلامی کے ایک چھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت جنرل سیکرٹر ی جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کر رہے تھے۔ وفد میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور دیگرسینئر عہدیداران شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں امن عامہ ناگزیر ہے۔ ڈائیلاگ ہی پرامن اور پائیدارحالات کا راستہ کھول سکتے ہیں۔ برطانیہ نے طویل مدت تک متحارب ایئرش تحریک سے مذاکرات کے ذریعے ہی امن کے حالات پیدا کیے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اے پی سی کے فیصلوں کے ذریعے حکومت کو ڈائیلاگ کے لیے جو تائید حاصل ہوئی ہے اس کے مثبت اثرات پیدا ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے عالمی سطح پر حکومت مثبت کردار اد ا کرے گی۔ حکومت کا مصمم ارادہ ہے کہ ڈرون حملوں کے مسئلہ پر اقوام متحدہ میں آواز اٹھائی جائے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارا پیغام انصاف کی بنیاد پر ہے اور ہم خطے کے امن کیلئے طالبان سے مذاکرات کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا ایشو ہو فلسطین، مصر یا شام کا معاملہ، جہاں جہاں بھی مسلم اُمہ مشکلات کا شکار ہے اُن کے لیے پاکستان ہر فورم پر اپنی اخلاقی اور اصولی حمایت جاری رکھے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ پاکستانی قوم ایک سوچ و فکر کے ساتھ ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔

جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہماری جماعت اس ضمن میں حکومت کے موقف کی تائید و حمایت کرے گی۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور پنجاب حکومت کی طرف سے شعبہ تعلیم اور صحت کے ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ڈاکٹر فریداحمد پراچہ نے حال ہی میں شائع ہونے اپنی تصانیف گورنر پنجاب کو پیش کیں۔
خبر کا کوڈ : 301497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش