QR CodeQR Code

شاہد حیات کو سربراہ کراچی پولیس مقرر کرنے کی مذمت کرتے ہیں، عنایت حسین

13 Sep 2013 23:56

اسلام ٹائمز: اپنے ایک بیان میں مرکزی ترجمان پی پی شہید بھٹو نے کہا کہ زرداری لیگ بھٹو کے فکر و فلسفہ کی سیاست نہیں بلکہ سامراجی قوتوں کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مصروف عمل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کے مرکزی ترجمان عنایت حسین نے حکومت سندھ کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کے بانی چیئرمین میر مرتضیٰ بھٹو اور انکے چھ ساتھیوں کے قتل میں ملوث شاہد حیات کو کراچی پولیس کا سربراہ مقرر کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری حکومت کی جانب سے شاہد حیات کو انعامات اور اعزازات سے نوازنا کوئی نئی بات نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی انہوں نے مذکورہ مقدمہ قتل میں ملوث آئی بی کے سابق سربراہ مسعود شریف کو پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کا رکن مقرر کرکے انہیں 1997ء کے عام انتخابات میں پارٹی کا ٹکٹ دیا تھا جس کے بعد شعیب سڈل کو پہلے آئی بی اور بعد میں آئی جی پولس بنایا گیا اور اب تک وہ محتسب اعلیٰ کی حیثیت سے کام کر رہا ہے۔
 
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں عنایت حسین نے مزید کہا کہ زرداری نے اپنے دور اقتدار میں ایس پی شعیب قریشی کو ملک میں واپس لاکر انہیں روینیو بورڈ کا چیئر مین مقرر کیا اور بعد میں انہیں نگران حکومت میں اپنے حصے کے طور پر انہیں وزیر نامزد کروایا جو زرداری لیگ کے میڈیا مینیجر کے طور بھی کام سرانجام دیتا رہا ہے۔ مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ زرداری لیگ کی جانب سے بھٹو کا نام استعمال کرتے ہوئے ان کے فکر و فلسفے کے برعکس منافقت، اقربا پروری، موقع پرستی اور کرپشن کی سیاست کے بعد بھٹو کے قاتلوں کو انعامات اور اعزازات سے نوازنے کے بعد اب یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ زرداری لیگ بھٹو کے فکر و فلسفہ کی سیاست نہیں بلکہ سامراجی قوتوں کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مصروف عمل ہے۔


خبر کا کوڈ: 301571

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/301571/شاہد-حیات-کو-سربراہ-کراچی-پولیس-مقرر-کرنے-کی-مذمت-کرتے-ہیں-عنایت-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org