0
Saturday 14 Sep 2013 00:16

بھارت، نریندر مودی وزارتِ عظمیٰ کے لیے بی جے پی کے امیدوار

بھارت، نریندر مودی وزارتِ عظمیٰ کے لیے بی جے پی کے امیدوار
اسلام ٹائمز۔ بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی نےگجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی کو ملک کے آئندہ وزیراعظم کے لیے اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ بھارت میں آئندہ برس لوک سبھا کے انتخابات ہونا ہیں اور بی جے پی کی پارلیمانی کمیٹی نے متنازع سیاستدان نریندر مودی کی نامزدگی کا فیصلہ جمعہ کو کیا۔ بی جے پی کے سینیئر رہنما لال کرشن اڈوانی نے پارٹی کے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت کے صدر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ فیصلہ عوامی خواہشات کے احترام میں کیا گیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نریندر مودی کے نام پر تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل نریندر مودی کو آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کی انتخابی مہم کمیٹی کا سربراہ بھی بنایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق گجرات کی سیاست سے نکل کر قومی سیاست میں مودی کی آمد نے بھارت کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بھارت میں جیسے جیسے پارلیمانی انتخابات قریب آتے جا رہے ہیں نریندر مودی سیاسی بحث کا محور بنتے جا رہے ہیں اور حالیہ تاریخ میں مودی پہلے ایسے رہنما ہیں جن کے لوگ یا تو سخت خلاف ہیں اور یا پھر زبردست حامی اور یہ صورتحال خود ان کی اپنی جماعت کے اندر بھی موجود رہی ہے۔ نریندر مودی کو جہاں بھارتی ریاست گجرات کو ملک کی خوشحال ترین ریاستوں میں سے ایک بنانے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے وہیں ان پر 2002ء میں گجرات میں ہونے والے مسلم کش فسادات کو روکنے کی کوشش نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا جاتا ہے۔ ان فسادات میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے اور مودی پر الزام ہے کہ انہوں نے 2002ء کے مسلم مخالف فسادات کے دوران پولیس کو مداخلت نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ نریندر مودی اس الزام کو مسترد کرتے ہیں اور ان کے خلاف کبھی کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا جا سکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 301577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش