0
Saturday 14 Sep 2013 00:22

امریکی نیو ورلڈ آرڈر نے دنیا کو بدامنی کے تحفے ہی دیئے ہیں، علامہ شاہ تراب الحق قادری

امریکی نیو ورلڈ آرڈر نے دنیا کو بدامنی کے تحفے ہی دیئے ہیں، علامہ شاہ تراب الحق قادری
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے کہا ہے کہ امریکی نیو ورلڈ آرڈر نے دنیا کو بدامنی کے تحفے ہی دیئے ہیں۔ اسوہ رسالت ﴿ص﴾ ہی دنیا کو امن فراہم کر سکتا ہے۔ امریکہ امت مسلمہ کی غیرت کو للکار رہا ہے جبکہ بعض مسلم حکمراں اپنے مفادات اور اقتدار بچانے کی خاطر مسلمانوں ہی کے خلاف امریکی آتش و آہن کو ایندھن فراہم کرنے کو بھی تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا ابرار احمد رحمانی کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوفی محمد حسین لاکھانی، مولانا خلیل الرحمان چشتی، مولانا ناصر خان ترابی، عرفان حسین قادری، مولانا کامران قادری، عبدالحفیظ معارفی، غفران احمد بھی موجود تھے۔
 
علامہ شاہ تراب الحق قادری نے کراچی میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قتل و غارت، دہشت گردی، بھتہ خوری اور غنڈہ گردی نے معاشرے کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے، مرنے والے کو نہیں معلوم کہ وہ کس جرم میں مارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ عالم ہے کہ رزق حلال کی تلاش میں نکلنے والا شخص اس بے یقینی کا شکار ہے کہ اس کی واپسی بخیر و عافیت ہو گی بھی یا نہیں۔ اس موقع پر مولانا ابرار احمد رحمانی اور صوفی محمد حسین لاکھانی نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے ایک مسلمان کو دوسرے مسلمان کی جان، ما ل، املاک اور عزت و آبرو کو نقصان پہنچانے کی ممانعت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے پرفتن دور میں قیام امن کیلئے سیرت مصطفی (ص) سے بڑھ کر کوئی اور دستور و منشور نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 301580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش