0
Tuesday 6 Jul 2010 09:51

رحمن ملک سے مفتی منیب کی ملاقات،کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی پر تبادلہ خیال

رحمن ملک سے مفتی منیب کی ملاقات،کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان نے ملاقات کی،جس میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کیخلاف کارروائی اور امن مارچ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،جبکہ مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو واضح کرنا ہو گا کہ وہ انتشار پھیلانے والوں کے ساتھ نہیں ہیں۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ ہم علماء کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ اور قرارداد سے مکمل اتفاق کرتے ہیں اور ہم نے وزیر داخلہ رحمن ملک کو جماعت اہلسنت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جبکہ وزیر داخلہ نے ہمارے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ جلد کراچی کا دورہ کرینگے۔
مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ حکومت کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے چاہئیں،تاکہ ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ جلد سے جلد ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے وعدوں کو ہم اچھی طرح دیکھیں گے،کیونکہ ہمیں زبانی باتوں پر یقین نہیں ہے،ان کا کہنا تھا کہ داتا دربار کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر داخلہ رحمان ملک نے یقین دہانی کرائی کہ ملک میں حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے اور امن وامان کو خراب کرنے والے تمام عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا اور کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
روزنامہ جسارت کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ رحمان ملک سیاسی حلیفوں کے بجائے قوم سے سمجھوتیہ کریں تو مسائل جلد حل ہوں گے۔مفتی منیب الرحمان نے اسلام آباد میں وزیر داخلہ رحمان ملک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں اہلسنت عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ رحمان ملک ناراض حلیفوں پر زیادہ توجہ دیتے ہیں،انہیں زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ نے انہیں جلد کراچی کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔



خبر کا کوڈ : 30226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش