QR CodeQR Code

بلوچستان بد امنی کیس، آئندہ سماعت پر آئی جی ایف سی طلب

16 Sep 2013 16:21

اسلام ٹائمز: چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بلوچستان میں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے سربراہ کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔


اسلام ٹائمز۔ پیر کو جسٹس افتخار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں لوگ لاپتہ ہورہے ہیں اور گزشتہ ہفتے بھی صوبہ میں اس قسم کے واقعات ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لاپتہ افراد کو ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی ایف سی حکومت کے کام سے خضدار گئے ہوئے ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آئی جی ایف سی لکھ کر دیں کہ وہ عدالت کے حکم پر عملدرآمد نہیں کرتے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم حکم جاری کرتے ہیں، پھر دیکھتے ہیں آئی جی ایف سی خود بھی آئیں گے اور لاپتہ افراد بھی منظر عام آئیں گے’۔ انہوں نے آئی جی ایف سی اور وفاقی سیکریٹری داخلہ کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران بلوچستان حکومت کے وکیل شاہد حامد نے کہا کہ کچھ مقدمات میں اشارے ایف سی کی جانب کیے جاتے ہیں۔ اس پر عدالتی بینچ میں شامل جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ابھی صرف اشارے کیے جاتے ہیں ایسا نہ ہو کہ حکم چلایا جائے۔

چیف جسٹس نے جب اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ وفاقی سیکریڑی داخلہ کہاں ہیں تو انہیں بتایا گیا کہ وہ وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ وہ آئی جی ایف سی سے کہیں کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں کیونکہ انہیں اس کام کے لئے وقت دیا گیا تھا۔ عدالت نے 2 ہفتے بعد کیس کے سماعت پر آئی جی ایف سی کو طلب کرتے ہوئے آج کی کارروائی ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 302332

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/302332/بلوچستان-بد-امنی-کیس-ا-ئندہ-سماعت-پر-آئی-جی-ایف-سی-طلب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org