QR CodeQR Code

حکمران آئی ایم ایف و دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے کشکول اٹھا کر پھر رہے ہیں، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر

16 Sep 2013 19:00

اسلام ٹائمز: پارٹی اجلاس سے خطاب میں مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری لانگ مارچ کی صورت میں اذان دے چکے، اب اقامت ہوگی اور عوام دشمن نظام کا بستر گول کر دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کو شعور دیا کہ موجودہ کرپٹ نظام کے اندر رہتے ہوئے عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے اور اب لوگ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کے ساتھ متفق ہو کر ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہونے کیلئے کشاں کشاں چلے آرہے ہیں۔ کارکن ایک کروڑ نمازیوں کی تیاریوں کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری لانگ مارچ اور دھرنے کی صورت میں اذان دے چکے ہیں اور اب اقامت ہوگی اور پورے ملک سے عوام دشمن نظام کا بستر گول کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہویے کیا۔ اس موقع پر سید ظفرشاہ، اطہر صدیقی، قیصر اقبال قادری، عتیق چشتی، محمد اظہر بھی موجود تھے۔
 
ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کو عوام تک پہنچانے کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹانا کارکنوں پر فرض ہے اور ہم قائداعظم کا حقیقی پاکستان بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی ادارں کے سامنے کشکول اٹھا کر پھر رہے ہیں، ان کی اپنی کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے قرض سے غریب عوام پر براہ راست بوجھ پڑتا ہے جبکہ حکمران طبقہ اسی پیسے کو اپنی عیاشیوں پر خرچ کرتے ہیں۔ اشیائے خوردونوش تک کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور موجودہ حکومت کوئی واضح معاشی پالیسی نہیں دے سکی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کو اس کی جڑ سے اکھاڑ دیا جائے اور غریب عوام کے حقوق ان کی دہلیز پر مل سکیں۔


خبر کا کوڈ: 302375

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/302375/حکمران-آئی-ایم-ایف-دیگر-عالمی-مالیاتی-اداروں-کے-سامنے-کشکول-اٹھا-کر-پھر-رہے-ہیں-ڈاکٹر-ایس-ضمیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org