QR CodeQR Code

غیر جماعتی انتخابات کرانیکا فیصلہ مسترد

ایم ڈبلیو ایم کا بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ

16 Sep 2013 23:54

اسلام ٹائمز: مرکزی سیکرٹری سیاسیات کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جنرل پالیسی ترتیب دے دی گئی ہے، ایم ڈبلیو ایم ہم خیال، معتدل اور وطن دوست جماعتوں کو اکٹھا کر کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی سینٹرل پولیٹیکل کونسل کا اہم اجلاس صوبائی پولیٹیکل سیکریٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کی، جبکہ چاروں صوبوں سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں طویل بحث و مشاورت کے بعد آئندہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیاسی شعبے کے سربراہ ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جنرل پالیسی ترتیب دے دی گئی ہے، ایم ڈبلیو ایم ہم خیال، معتدل اور وطن دوست جماعتوں کو اکٹھا کرکے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، تاکہ پورے پاکستان میں بہترین نتائج سامنے آسکیں، قومی سطح پر انتخابات میں حصہ لینے کے لئے الائنس یا گروپس کی تشکیل کا فیصلہ سینٹرل پولیٹیکل کونسل کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔

’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی بات کرتے ہوئے ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے حکومتی فیصلے کو یکسر مسترد کرتی ہے اور اس فیصلے کے خلاف عدالتی دروازے پر جانے کا آئینی اور جمہوری حق بھی محفوظ رکھتی ہے، انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے گذشتہ دنوں بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی ایک قومی سطح کی سازش تھی، جس میں مسلم لیگ نون کے ساتھ دیگر جماعتیں بھی شامل ہوئیں، طالبان سے مذاکرات اس بات کی دلیل ہیں کہ اے پی سی میں شریک تمام جماعتیں طالبان کو پاکستان کی سیاسی و عسکری قوت تسلیم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات 40 ہزار بیگناہ شہید پاکستانیوں کے خون ناحق سے غداری کے مترادف ہیں، حکومت اور اے پی سی میں شامل دیگر جماعتوں کو جلد طالبان سے مذاکرات کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، علامہ شفقت شیرازی، ناصر شیرازی ایڈووکیٹ، رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ مختار امامی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی، علامہ تصور جوادی، مولانا ارشاد علی، رائے علی رضا بھٹی، سجاد حسین میکن، اخلاق بہشتی، ظفر چشتی، اخلاق بخاری، عبداللہ مطہری، طارق بدوی، فدا حسین ایڈووکیٹ، اسد عباس نقوی اور باقر حسین ایڈووکیٹ شریک تھے۔


خبر کا کوڈ: 302432

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/302432/ایم-ڈبلیو-کا-بلدیاتی-الیکشن-میں-بھرپور-حصہ-لینے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org