QR CodeQR Code

نواز شریف نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ترکی سے مدد مانگ لی

18 Sep 2013 01:18

اسلام ٹائمز: تمغہ جمہوریت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ترکی سے معاشی تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے، ترکی پاکستان میں جاری دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہماری مدد کرے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی سے معاشی تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے، ترکی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھی ہماری مدد کرے۔ تین روزہ سرکاری دورہ پر ترکی میں موجود وزیراعظم نواز شریف اور ترک صدر عبداللہ گل کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ترکی سے معاشی تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے، ترکی پاکستان میں جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہماری مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان جیسے حالات سے گزر چکا ہے، اس کے تعاون سے پاکستان کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔ 
دورہ ترکی کے دوران ترک صدر عبداللہ گل کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو ترکی کے سب سے بڑے اعزاز تمغہ جموریت سے بھی نوازا گیا، تمغہ جمہوریت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تمغہ جمہوریت دینے پر ترک صدر عبداللہ گل کا شکر گزار ہوں، تمغہ جمہوریت سے نوازا جانا یقیناً میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ترک صدر اور وزیراعظم کو اپنا بھائی سمجھتا ہوں، ترکی کے لیے پاکستانی عوام کے دلوں میں خصوصی محبت ہے، مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے ترک وزیر داخلہ معمر گلیر نے بھی ملاقات کی، جس میں ترک وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ترکی سائبر کرائم اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 302767

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/302767/نواز-شریف-نے-دہشتگردی-سے-نمٹنے-کیلئے-ترکی-مدد-مانگ-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org