QR CodeQR Code

پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں آپریشن کلین اپ کیا جائے،سنی اتحاد کونسل

18 Sep 2013 20:25

اسلام ٹائمز:صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز پر حملوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ طالبان مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں،امریکہ اور بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں، ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے، قانون کی عملداری یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل 21ستمبر کو یومِ عشقِ رسول(ص) منائے گی تاکہ پچھلے سال سرکاری سطح پر منائے گئے یومِ عشقِ رسول(ص) کی یاد تازہ کی جا سکے، ہم درود والے ہیں بارود والے نہیں اور درود والے ہی ملک بچائیں گے، فوج پر حملے کرنے والوں سے مذاکرات ملک سے غداری ہو گی،بے رحم قاتل رحم کے مستحق نہیں، آرمی چیف کا دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری ر کھنے کا عزم خوش آئند ہے،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے، پاک افغان سرحد کو باڑ لگا کر سیل کیا جائے، پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں آپریشن کلین اپ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری کی رہائش گاہ پر علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود اہم تقرریوں کو التوا میں ڈالنا افسوسناک ہے، سکیورٹی فورسز پر حملوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ طالبان مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں،امریکہ اور بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں، ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے، قانون کی عملداری یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی طالبان سے مذاکرات کا فائدہ ریاست پاکستان کو نہیں ریاست کے دشمنوں کو ہو گا۔انہوں نے کہا کہ قومی اثاثے بیچنا دانشمندی نہیں۔ قومی اداروں کی نجکاری کی بجائے اداروں میں اصلاحات کی جائیں، دہشت گردی کے خلاف حکومتی پالیسی تضادات کا شکار ہے،دنیا اگر تیسری عالمی جنگ کی تباہ کاریوں سے بچنا چاہتی ہے تو ان ہاتھوں کو روکنا ہو گا جو شام کو خون میں نہلانے کے لیے پر تول رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 303094

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/303094/پنجاب-یونیورسٹی-کے-ہاسٹلز-میں-آپریشن-کلین-اپ-کیا-جائے-سنی-اتحاد-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org