QR CodeQR Code

دہشت گردوں کے آگے اعلی عدلیہ بھی بے بس دیکھائی دیتی ہے، آفاق احمد

20 Sep 2013 22:38

اسلام ٹائمز: مقتول پارٹی رہنماء کے اہل خانہ سے تعذیت کے موقع پر چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے کہا کہ کراچی الطاف مخالف لوگوں کیلئے نو گو ایریا بنا ہوا ہے، لوگ اپنے پیاروں کے جنازے بھی اپنے گھروں سے نہیں اٹھا سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ پورا شہر کراچی الطاف مخالف لوگوں کے لئے نو گو ایریا بنا ہوا ہے، لوگ اپنے پیاروں کے جنازے بھی اپنے گھروں سے نہیں اٹھا سکتے۔ کراچی میں بے گناہ شہریوں کے قاتلوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن پہلے دن سے ہی سیاسی مصلحتوں کا شکار ہو چکا ہے۔ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بجائے ان کی سرپرستی ہو رہی ہے اور بے گناہ عوام کو گرفتار کرکے آپریشن میں کامیابیوں کا تاثر دے کر عوام کو گمراہ کیا رہا ہے۔ آفاق احمد نے دہشت گردوں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے رہنما سلیم نبی کے اہل خانہ کے پاس تعزیت کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچے تو کارکنان، ہمدردوں اور علاقے کے بزرگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی۔ اس موقع پر انہوں بزرگوں اور نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل خانہ اور معصوم بیٹے کے سامنے سلیم نبی کا قتل دہشت گردی اور نو گو ایریاز کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
 
آفاق احمد نے کہا کہ جو عدلیہ عوام کی آخری امید تھی وہ اتنی بے بس ہے کہ 12 مئی کی دہشت گردی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے سے قاصر ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہتھیاروں کی بازیابی کی ہدایت دی جاتی ہیں، لیکن کئی لاکھ اسلحہ لائسنس جو سیاسی کوٹے میں جرائم پیشہ افراد کو جاری کرکے سیاسی جماعتوں کو پرائیوئٹ آرمی بنانے کے لائسنس جاری کئے گئے، عدلیہ اس کا نوٹس لینے کو تیار نہیں ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہو ں کہ اگر فیصلوں پر عملدرآمد ممکن نہیں تو فیصلے کرکے عوام کی جھوٹی امیدیں نہ باندھی جائیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ سیاسی مصلحتوں کا شکار آپریشن عوام کے خون پسینے کی کمائی کا ضیاع ہے، اگر سیاسی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن ممکن نہیں اور کراچی کو قانونی اور غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنا اور عوام کی جان و مال کی حفاظت عدلیہ اور حکومت کے لئے ناممکن ہے تو عوام کو دھوکے مین رکھنے اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے عوام کو اپنی حفاظت کے لئے اپنی بساط کے مطابق کسی بھی طرح ہتھیار حاصل کرنے اور رکھنے کو قانونی حق قرار دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 303736

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/303736/دہشت-گردوں-کے-آگے-اعلی-عدلیہ-بھی-بے-بس-دیکھائی-دیتی-ہے-آفاق-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org