QR CodeQR Code

آئی ایس آئی چیف کی وزیراعظم سے ملاقات،انسداد دہشت گردی قوانین مزید سخت کرنے کی تجویز

8 Jul 2010 09:29

اسلام ٹائمز:ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ جو دہشتگرد ناکافی ثبوت ہونے کی بناء پر عدالتوں سے رہا ہو جاتے ہیں،ان کے حوالے سے موجودہ انسداد دہشتگردی قوانین کو مزید سخت بنایا جائے


 اسلام آباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے ملاقات کی،جس میں مجموعی داخلی سلامتی کی صورتحال پر قومی سلامتی کے ادارے کے سربراہ نے وزیراعظم کو تفصیلی طور پر بریفنگ دی۔ملاقات میں دہشت گردی کیخلاف جنگ،انٹیلی جنس اداروں کے کردار سمیت دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم کو تجویز دی کہ جو دہشتگرد ناکافی ثبوت ہونے کی بناء پر عدالتوں سے رہا ہو جاتے ہیں،ان کے حوالے سے موجودہ انسداد دہشتگردی قوانین کو مزید سخت بنایا جائے،جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی انسداد دہشت گردی کے قوانین میں ترامیم لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ناگزیر ہے کہ پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں کے آپس میں بہترین رابطے رہیں اور ان کے بروقت معلومات کے تبادلے کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی پوری قوم کیلئے لعنت ہے،جس کا ہمیں مل کر خاتمہ کرنا ہو گا جبکہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک بنانے کے مشن کو ہر صورت پورا کیا جائیگا۔ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی نے قومی سلامتی کا ادارہ جو دہشتگردوں کی متعدد اہم واقعات کی تحقیقات کر رہا ہے،اس پر بھی وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔ملاقات میں افغانستان کی صورتحال،جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کی تعیناتی اور دہشت گردی کی روک تھام کیلئے انٹیلی جنس اداروں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔






خبر کا کوڈ: 30452

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/30452/ا-ئی-ایس-چیف-کی-وزیراعظم-سے-ملاقات-انسداد-دہشت-گردی-قوانین-مزید-سخت-کرنے-تجویز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org