QR CodeQR Code

قومی اسمبلی نے سانحہ پشاور کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی

23 Sep 2013 22:16

اسلام ٹائمز: اراکین کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی، غیر اسلامی اور مجرمانہ فعل ہے۔ سیاسی جماعتوں نے حکومت سے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں معمول کی کارروائی معطل کرکے سانحہ پشاور پر بحث کی گئی۔ جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے ایک منٹ کیلئے خاموشی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پالیسی بیان دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ سانحہ پشاور میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 81 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ 137 افراد زخمی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرجا گھر پر حملے کا مقصد قوم میں نفاق پیدا کرنا ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پشاور واقعہ قومی سانحہ ہے، ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مسیحی برداری کو اقلیت نہیں کہنا چاہئے، ملک اور اسلام دشمنوں کیخلاف متحد ہونا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو دہشت گردوں کے سامنے کمزوری نہیں دکھانی چاہئے، کمزور ہوں گے تو دشمن ہم پر مزید حملے کرے گا، حکومت کو مینڈیٹ دیتے ہیں کہ وہ سخت فیصلے کرے۔

تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ پشاور پر پوری قوم غمزدہ ہے، امید ہے کہ حکومت اصل ذمے داروں کا پتہ چلا لے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف حکومتی حکمت عملی اور نیت پر شک نہیں، امن کا راستہ اختیار کرنے والوں کو آپشن دیا جائے اور انتہا پسندوں کو ایسے افراد سے الگ کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سانحہ پشاور کے ذمے داروں کو انجام تک پہنچایا جائے، بات چیت ان لوگوں سے کی جائے جو آئین اور پارلیمنٹ کو تسلیم کریں۔
 اے این پی کے غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری ہفتے میں ایک دن کیلئے عبادت کرتی ہے لیکن افسوس کہ حکومت ایک دن کیلئے بھی انہیں تحفظ فراہم نہ دے سکی۔ پشتون خواہ عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ عبادت کی کوئی جگہ محفوظ نہیں، ہم نے اپنا راستہ کھو دیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ پشاور پر اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق نے کہا کہ سانحہ پشاور میں اسلام کے نام نہاد ٹھیکیدار ملوث ہیں، اے پی سی کے بعد ہونے والے واقعات مذاکرات سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔ اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 304724

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/304724/قومی-اسمبلی-نے-سانحہ-پشاور-کیخلاف-مذمتی-قرارداد-متفقہ-طور-پر-منظور-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org