QR CodeQR Code

بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر وفاق اور چاروں صوبوں سے بدھ تک جواب طلب

24 Sep 2013 21:53

اسلام ٹائمز: دوران سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ بلدیاتی انتخابات کےحوالے سے مارشل لاء والے جمہوری حکومتوں سے اچھے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر وفاق اور چاروں صوبوں سے بدھ تک جواب طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ لاء افسران واضح لفظوں میں اعتراف کرچکے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات نہ کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت کو بتایا جائے کہ بلدیاتی انتخابات کی آئینی ذمہ داری پوری کیوں نہیں کی جا رہی۔؟ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت آئین پر عمل درآمد ناگزیر ذمہ داری ہے اور اگر ایسا نہیں ہو رہا تو حکومتوں کے برقرار رہنے کا کیا جواز ہے۔ 
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئین پر عمل نہیں کرنا تو منتخب اور غیر آئینی حکومت میں کیا فرق رہ جاتا ہے۔ وفاق اور صوبے بلدیاتی الیکشن کی آئینی ذمہ داری پوری کریں ورنہ آئین پر عمل درآمد نہ کرنے کے نتائج سوچ لیں۔ سپریم کورٹ نے وفاق اور چاروں صوبوں کو بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے تحریری جواب ذمہ دار اتھارٹیز کے دستخطوں سے بدھ تک داخل کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کیلئے 26 ستمبر کی تاریخ مقرر دی۔


خبر کا کوڈ: 305084

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/305084/بلدیاتی-انتخابات-نہ-کرانے-پر-وفاق-اور-چاروں-صوبوں-سے-بدھ-تک-جواب-طلب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org