0
Thursday 26 Sep 2013 18:08

القدس خطرے میں ہے، عالمی برادری صیہونی غاصبانہ تسلط کا خاتمہ یقینی بنائے، فلسطین فاؤنڈیشن

القدس خطرے میں ہے، عالمی برادری صیہونی غاصبانہ تسلط کا خاتمہ یقینی بنائے، فلسطین فاؤنڈیشن
اسلام ٹائمز۔ القدس خطرے میں ہے، عالمی برادری صیہونی غاصبانہ تسلط کا خاتمہ یقینی بنائے، صیہونیوں نے مسجد اقصیٰ کے تقدس کی پامالی کو روز مرہ کا معمول بنا لیا ہے جو کہ مسلم امہ کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اراکین سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ترجمان صابر کربلائی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی رہنما علامہ صادق رضا تقوی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ صیہونی درندہ صفتوں نے آئے روز القدس کی پامالی کو اپنا منشور بنا لیا ہے جبکہ خطے کی عرب مسلم ریاستیں اسرائیل کے ان وحشیانہ اقدام اور مسلم امہ کے مقدسات کی توہین پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مصر اور شام کی صورتحال کو خراب کرنے میں امریکہ اور اسرائیل براہ راست ملوث ہیں تاکہ فلسطین کے قضیہ کو فراموش کر دیا جائے۔ رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ قبلہ اول بیت المقدس کے تحفظ کو یقینی بنائے اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ مسلم امہ کے مقدسات کی توہین سے گریز کرے وگرنہ اسرائیل کے لئے نتائج بھگتنا انتہائی سخت ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں صیہونی دہشت گردوں نے متعدد مرتبہ مسجد اقصیٰ (بیت المقدس) میں داخل ہوکر تلمودی عبادات بجا لانے کے ساتھ ساتھ مسجد میں رقص بازی اور دیگر توہین آمیز حرکان انجام دی ہیں جس کے بعد القدس شہر میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 305696
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش