0
Friday 27 Sep 2013 13:01

نواز حکومت الیکشن مہم میں کئے گئے بلند و بانگ دعوﺅں سے منحرف ہو رہی ہے ،عمران اسماعیل

نواز حکومت الیکشن مہم میں کئے گئے بلند و بانگ دعوﺅں سے منحرف ہو رہی ہے ،عمران اسماعیل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ نواز حکومت اپنے الیکشن مہم کے دوران کئے گئے بلند و بانگ دعوﺅں سے منحرف ہو رہی ہے۔ حکومتی شاہ خرچیوں اور معیشت کو ورلڈ بینک اور آئی ایم کی مرضی کے مطابق مصنوعی آکسیجن کے ذریعے چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یکم اکتوبر سے ایک بار پھر حکمران ٹولہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی مصنوبہ بندی کر رہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا یہ اضافہ ملک کو اقتصادی طور پر تباہ و برباد کردے گا۔ مرکزی میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سو دنوں میں وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف تو نہیں دیا لیکن 5 دفعہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کا ایسا سیلاب برپا کر دیا ہے جو غریب عوام کی رہی سہی ہمت کو بھی بہا کر لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کی حکومت کی کارکردگی کا وطیرہ یہی رہا تو عوام پرویز مشرف اور آصف زرداری کو بھول جائیں گے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ موجودہ نواز حکومت کے وزیر خزانہ سے ہم اپیل کرتے ہیں کہ خدارا مزید پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کریں بلکہ اپنے شاہانہ اخراجات اور سیکورٹی و پروٹوکول کے نام پر ماہانہ اربوں روپے بچا کر عوام کو ریلیف دیں۔
 
عمران اسماعیل نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کیلئے اعلانات کرتے ہیں اور قوم سے اپنی رہنمائی کیلئے تجاویز مانگتے ہیں لیکن دوسری طرف اپنے اعلان کردہ ریلیف سے کئی گناہ زیادہ مہنگائی کا بوجھ عوام پر لاد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق داڑ کی معاشی پالیسیوں سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے نمائندے نہیں بلکہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے نمائندے ہیں۔ اگر حکومت کی معاشی پالیسیاں یہی رہیں تو پاکستان میں مہنگائی کا جن قابو سے باہر ہو جائے گا اور ملک میں غربت، بے روزگاری، گداگری اور جرائم میں اضافہ خطرناک حد تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنے معاشی فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور مستقبل کیلئے وہ پالیسیاں ترتیب دیں جس سے ملک کی معیشت مضبوط اور عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ کم ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 305897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش