0
Saturday 28 Sep 2013 23:03

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی رکنیت ختم کیجائے، مولانا عبدالواسع

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی رکنیت ختم کیجائے، مولانا عبدالواسع

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آئین کے تحت اٹھائے جانے والے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان کی بنیادی رکنیت ختم کی جائے۔ اگر ہمارے مطالبے پر اسپیکر اسمبلی نے نوٹس نہ لیا تو ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار اسمبلی اجلاس کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے اپوزیشن لیڈر انجنیئر زمرک خان اچکزئی، سردار عبدالرحمان کھیتران، معاذاللہ موسٰی خیل کے ہمراہ اپوزیشن چیمبر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے لندن میں ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ریاست کا کوئی مذہب نہیں ہونا چاہیئے۔ جس آئین کے تحت انہوں نے حلف لیا ہے، اس آئین کے مطابق اسلام پاکستان کا سرکاری مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہم جو سیاست میں حصہ لیتے ہیں، اراکین اسمبلی، وزراء، اپوزیشن لیڈر یا وزیراعظم یا وزیراعلٰی بنتے ہیں۔ تمام اس ملک اور آئین کے دفاع کو یقینی بنانے کا حلف لیتے ہیں۔

وزیراعلٰی نے لندن میں انٹرویو دیتے ہوئے آئین کے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آئین کی دھجیاں اڑائیں ہے۔ ہم آئین کے خلاف کسی بھی عمل کو قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی نے ملک میں سیکولرزم کا مطالبہ کرکے آئین سے انحراف کیا ہے۔ ہم اس کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دے سکتے، کیونکہ انہوں نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے اور اس بیان کی رو سے ان کے رکن صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم ہو چکی ہے اور وہ وزیراعلٰی نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اپنے بیان پر قائم رہتے ہیں تو ہمیں قبول نہیں۔ اگر وہ اس کی وضاحت کرتے ہیں اور آئین کو تسلیم کرتے ہیں، تو ہمارے لئے قابل احترام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعلٰی کے اس انٹرویو کے خلاف اسمبلی میں تحریک التواء پیش کی تھی۔ وہ وزیراعلٰی کی عدم موجودگی کی وجہ سے پیش نہیں کی جا سکی۔ ہم اسپیکر اسمبلی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ وزیراعلٰی کی نااہلی کا کیس الیکشن کمیشن کو بھیجیں۔ اگر ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تو ہم عدالت کا راستہ بھی اپنا سکتے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 306318
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش