QR CodeQR Code

نواز شریف کے جاندار خطاب سے تحریک آزادی کو نئی جہت ملی، راجہ فاروق

30 Sep 2013 10:00

اسلام ٹائمز: مظفرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران پی ایم ایل کے صدر کا کہنا تھا کہ پی پی کو مسئلہ کشمیر اٹھانے کی جرات تک نہ ہوئی، فوجی آمر بھی جان چھڑاتے رہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے جس جرات و بیباکی سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کیا گذشتہ 15 سالوں سے مسئلہ کشمیر پر اتنی جاندار گفتگو کسی پاکستانی حکمران نے نہیں کی۔  14 سال بعد پہلی بار کسی پاکستانی حکمران نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں دینے کی بات کی ہے اس سے ثابت ہوا ہے کہ پاکستان مسئلہ کمشیر پر اپنے اسی موقف پر قائم ہے جس پر 1949ء میں تھا۔ میاں نواز شریف کا خطاب فرمودات قائداعظم کا پرتو تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز مظفرآباد میں میڈیا کے نمائندہ سے بات چیت کے دوران کیا۔ راجہ محمد فاروق ںے کہا کہ گذشتہ عشرے میں فوجی آمر نے مسئلہ کشمیر سے جان چھڑانے کے لیے کئی مضحکہ خیز حل پیش کیے اور گذشتہ پانچ سالوں میں تو پیپلز پارٹی کے حکمرانوں کو تو مسئلہ کشمیر پر بات تک کرنے کی جرات نہ ہوئی اور انھوں نے بھارت سے یک طرفہ معاشقے میں ہی پانچ سال گزار دیئے۔ اںھوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے خطاب سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ایک نئی جہت و حوصلہ ملا ہے کہ وہ اس جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 306715

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/306715/نواز-شریف-کے-جاندار-خطاب-سے-تحریک-آزادی-کو-نئی-جہت-ملی-راجہ-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org