QR CodeQR Code

بلدیاتی انتخابات، سندھ میں نئی حلقہ بندیاں کرنے کا آغاز کر دیا گیا

30 Sep 2013 19:04

اسلام ٹائمز: محکمہ بلدیات سندھ نے پورے صوبے میں اپنے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں جبکہ سندھ حکومت نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دنوں کے اندر حلقہ بندیاں مکمل کرلیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے سندھ میں نئی حلقہ بندیاں کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 12 اکتوبر 2013ء تک جاری رہے گا۔ اس ضمن میں محکمہ بلدیات سندھ نے پورے صوبے میں اپنے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حلقہ بندیوں کے لئے اشتہاری مہم چلائیں۔ اطلاعات کے مطابق سندھ حکومت نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دنوں کے اندر حلقہ بندیاں مکمل کرلیں۔ سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق 13نومبر کو مجوزہ نئی حلقہ بندیوں کی تمام تفصیلات ڈپٹی کمشنرز اور دیگر دفاتر میں آویزاں کر دی جائیں گی۔ 13 سے 19 نومبر تک عوام الناس ان حلقہ بندیوں پر اعتراض متعلقہ کمشنرز کے دفتر میں جمع کرا سکیں گے۔ کمشنرز اس بات کے پابند ہوں گے کہ 20 نومبر سے 26 نومبر تک ان اپیلوں اور اعتراضات پر فیصلہ کریں۔

ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ حلقہ بندیوں میں غیر ضروری تبدیلیاں نہ کریں۔ جہاں ضروری ہو، وہاں حلقہ بندیاں کریں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ عوام کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ حلقہ بندیوں کی غرض سے وارڈزکے لئے آبادی کی حد ایک ہزار سے بڑھا کر دو ہزار کر دی گئی ہے۔ یونین کونسلز کے لئے آبادی کی حد 15 سے 20 ہزار ہے۔ میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں یونین کمیٹیز کے لئے آبادی کی حد 25 ہزار جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں ٹاﺅن کمیٹیز کے لئے آبادی کی حد 45 ہزار مقرر کی گئی ہے۔ ٹاﺅن کمیٹیز کے لئے 40 سے 50 ہزار، میونسپل کمیٹیز کے لئے 50 ہزار 30 لاکھ، میونسپل کارپوریشنز کے لئے 3 لاکھ سے 35 لاکھ اور میٹروپولیٹن کارپوریشنز کے لئے 35 لاکھ اور اس سے اوپر آبادی کی حد مقرر کی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 306961

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/306961/بلدیاتی-انتخابات-سندھ-میں-نئی-حلقہ-بندیاں-کرنے-کا-آغاز-کر-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org