QR CodeQR Code

ایران سے ایٹمی تنازعہ چند ماہ میں حل ہوسکتا ہے، جان کیری

30 Sep 2013 23:06

اسلام ٹائمز: ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم اس بارے میں ایک اچھی ڈیل چاہتے ہیں۔ ایک اچھی ڈیل سے مراد یہ ہے کہ ڈیل ایران کو جوابدہ بنا دے اور یہ یقینی ہو جائے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اگر ایران نے یہ اطمینان دلا دیا کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پُرامن مقاصد کے لیے ہے تو یہ تنازع اگلے چند ماہ میں طے ہو جائے گا۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جس طرح ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس تنازع کے حل کے لیے تین سے چھ ماہ کی مدت کا ذکر کیا ہے میں سمجھتا ہوں کہ یہ مسئلہ اس سے بھی پہلے طے ہوسکتا ہے، تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ ایران بعض شرائط کے پورا کرنے کا اطیمنان دلا دے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہم اس بارے میں ایک اچھی ڈیل چاہتے ہیں۔ ایک اچھی ڈیل سے مراد یہ ہے کہ ڈیل ایران کو جوابدہ بنا دے اور یہ یقینی ہو جائے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جان کیری نے کہا کہ اگر ایرانی جوہری پروگرام حقیقتاً پُرامن مقاصد کا حامل ہوا تو ہمیں اس کو تفصیل سے دیکھنا ہوگا۔ ایسا ہونا چاہیے کہ دنیا اسے دیکھ سکے۔ اس صورتحال میں ایران کے ساتھ امریکی تعلقات میں ڈرامائی اور تیز رفتار تبدیلی آسکتی ہے۔
جان کیری کا ایران پر عائد پابندیوں کے حوالے سے ایک سوال پر کہنا تھا کہ امریکہ اس وقت تک ان پابندیوں کو ختم نہیں کرے گا جب تک یہ واضح نہ ہو جائے کہ ایک تصدیق کے لائق، اچھی طرح جانچا جا سکنے والا اور شفاف طریقہ کار وضع ہوگیا ہے۔ البتہ ایران کی طرف سے ٹھوس اقدامات کی صورت میں ان پابندیوں کے خاتمے کا سوچا جاسکتا ہے۔ ایرانی صدر کے حالیہ دنوں میں سامنے آنے والے خیالات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صدر اوباما نے خوش دلی سے ان کے مثبت خیالات کا خیر مقدم کیا ہے، لیکن الفاظ جب تک عمل میں نہیں ڈھلتے عملی پیش رفت نہیں ہوسکتی ہے۔ جان کیری نے ایران پر زور دیا کہ ایران کو بین الاقوامی برادری کی توقعات کے مطابق تیز رفتار، واضح اور متاثر کرنے والے اقدامات کرنا ہوں گے۔ ہم یہ بھی اطیمنان چاہتے ہیں کہ ہم اور ہمارے اتحادی یا خطہ ایرانی پروگرام سے کسی خطرے میں نہ ہو۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکہ نے ایران کے ساتھ تعلقات میں مشروط طور پر بہتری کے امکان کا اظہار کر دیا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایران سے ایٹمی تنازعے چند ماہ میں حل ہوسکتا ہے، تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ ایران اس بات کی شفاف یقین دہانی کرائے کہ اسکا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے۔ انہوں نے تنازعے کے حل کیلئے ڈاکٹر حسن روحانی کی پیش کردہ مدت کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ اس سے بھی پہلے حل ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازعے کے حل کیلئے ایران کا عالمی برادری سے ایک بہتر معاہدہ ضروری ہے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ بہتر ڈیل سے مراد ایسا معاہدہ ہے جس سے نہ صرف ایران جوابدے ہوجائے بلکہ یہ یقین دہانی بھی حاصل ہوجائے کہ اسکا پروگرام مکمل طور پر یقینی ہے۔


خبر کا کوڈ: 307030

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/307030/ایران-سے-ایٹمی-تنازعہ-چند-ماہ-میں-حل-ہوسکتا-ہے-جان-کیری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org