QR CodeQR Code

امریکہ میں سرکاری محکموں میں شٹ ڈائون، لاکھوں ملازمین تنخواہوں سے محروم، متعدد سرکاری ادارے بند

1 Oct 2013 14:18

اسلام ٹائمز: امریکی صدر کے ہیلتھ کیئر پلان پر حزب اختلاف اور حکومت میں اختلافات برقرار ہیں، جس کے باعث کاروبارِ حکومت بند ہوگیا۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سمجھوتہ نہ ہونیکی وجہ سے کئی غیر اہم سرکاری ادارے بند اور لاکھوں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکہ اٹھارہویں مرتبہ اقتصادی شٹ ڈائون کا شکار ہوگیا ہے، شٹ ڈائون کا اعلان وائٹ ہائوس کی جانب سے کیا گیا۔ امریکی صدر براک اوباما کے ہیلتھ کیئر پلان پر حزب اختلاف اور حکومت میں اختلافات برقرار رہنے کی وجہ سے لاکھوں وفاقی کنٹریکٹ ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں۔ صرف امریکی فوج کو تنخواہ ملے گی۔ سینٹ نے ایوان نمائندگان کے منظور کردہ بجٹ بل اور ایمرجنسی فنڈنگ بل کو مسترد کر دیا۔ ڈیموکریٹ اراکین کی اکثریت والے سینیٹ میں ایوان نمائندگان کے پاس ایمرجنسی فنڈنگ بل کے خلاف 54 جبکہ حق میں 46 ووٹ ڈالے گئے، ایوان نمائندگان کے پاس شدہ بلوں میں اوباما انتظامیہ کے ہیلتھ کیئر پلان کو مزید محدود کرنے کی تجویز تھی۔ سینیٹ نے ترامیم شدہ بل بھی مسترد کر دیا ہے۔ شٹ ڈائون ہونے کی وجہ سے متعدد سرکاری اداروں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ صدر اوباما ری پبلکن اکثریت والے ایوان نمائندگان سے بل منظور کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکہ میں نئے مالی سال کے بجٹ پر اتفاق رائے نہ ہوسکا، وائٹ ہاوٴس نے سرکاری محکموں کو شٹ ڈاوٴن کے احکامات جاری کر دیئے، امریکی صدر کے ہیلتھ کیئر پلان پر حزب اختلاف اور حکومت میں اختلافات برقرار ہیں، جس کے باعث کاروبارِ حکومت بند ہوگیا۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سمجھوتہ نہ ہونے کی وجہ سے کئی غیر اہم سرکاری ادارے بند اور لاکھوں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔ حکومت نے نئے مالی سال کے اخراجات کا بل ایوان نمائندگان میں پیش کیا تھا جو صحت عامہ کے قانون کے تنازع پر گذشتہ دو روز سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان فٹ بال بن کر رہ گیا۔ اتوار کو ایوان نمائندگان نے اخراجات کا بل ہیلتھ کیئر قانون نکال کر منظور کرکے سینیٹ کو بھجوادیا تھا۔ 
سینیٹ نے ایوان نمائندگان کا ترمیمی بل مسترد کرکے اسے واپس ایوان نمایندگان میں بھیج دیا۔ ایوان نمائندگان نے ایک بار پھر صدر بارک اوباما کے ہیلتھ کیئر قانون کے بغیر بل کی منظوری دی، جسے سینیٹ میں دوبارہ مسترد کردیا گیا۔ اس سلسلے میں صدر اوباما نے وائٹ ہاوٴس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکہ میں کاروبار حکومت بند ہوا تو کئی غیر اہم سرکاری ادارے بند ہوجائیں گے اور لاکھوں سرکاری ملازمین کو گھر بھیج دیا جائے گا، جبکہ 10 لاکھ سے زائد ملازمین تنخواہ کے بغیر کام کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شٹ ڈاوٴن کے باعث امریکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور عام لوگوں کی زندگی شدید متاثر ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ شٹ ڈاوٴن 17سال بعد دوسری مرتبہ ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 307160

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/307160/امریکہ-میں-سرکاری-محکموں-شٹ-ڈائون-لاکھوں-ملازمین-تنخواہوں-سے-محروم-متعدد-ادارے-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org