QR CodeQR Code

سلامتی کونسل اپنی افادیت کھو چکی ہے، سابق اقوام متحدہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل

11 Jul 2010 13:50

اسلام ٹائمز: اقوام متحدہ کے سابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے ظالمانہ ویٹو کے حق اور سلامتی کونسل کے غیرقانونی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل اپنی افادیت کھو چکی ہے۔


اسلام ٹائمز – ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈینس ہالیڈے نے کہا ہے کہ غزہ جانے والے امدادی قافلے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیل کی کھلی جارحیت پر سلامتی کونسل کی خاموشی اور چند ممالک کے ویٹو کا ظالمانہ حق ظاہر کرتا ہے کہ سلامتی کونسل نااہلی کا شکار اور اپنی افادیت کھو چکی ہے۔ وہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں غزہ محاصرہ خاتمے کیلئے ایک روزہ بین الاقوامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے سلامتی کونسل اس بارے میں ایک موثر بیانیہ تک صادر کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ڈینس ہالیڈے نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل دنیا میں امن قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے کہا: ہم سلامتی کونسل کی جانب سے ایسے اقدامات کے شاہد ہیں جو قانونی اور منطقی حیثیت نہیں رکھتے اور اسرائیلی جارحیت جیسے اہم موضوعات پر بحث کرنے کی بجائے کم اہمیت کے مسائل میں مشغول ہے۔
اقوام متحدہ کے سابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں کوئی قدم اٹھایا نہیں جا رہا اور اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کو روکا نہیں جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات پوری دنیا میں خوف اور وحشت کا سبب بنے ہیں۔
ڈینس ہالیڈے نے اسرائیلی اقدامات کو غیرقانونی اور غیراخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام صہیونیستی پروپیگنڈے کا شکار ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ اسرائیل کو دہشت گردانہ کاروائیوں سے باز رکھنے کیلئے موثر اقدامات انجام دیئے جائیں۔ انہوں نے مصر سے خطے میں امریکہ اور اسرائیل کا اتحادی ہونے کے ناطے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ محاصرے کے خاتمے کیلئے موثر کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 30721

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/30721/سلامتی-کونسل-اپنی-افادیت-کھو-چکی-ہے-سابق-اقوام-متحدہ-ڈپٹی-سیکرٹری-جنرل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org