QR CodeQR Code

ایڈووکیٹ نعمت علی رندھاوا کا قاتل گرفتار، ملزم کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے، آئی جی کراچی

1 Oct 2013 20:51

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد حیات نے کہا کہ ملزم کاظم عباس نے نعمت علی رندھاوا سمیت 8 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، نعمت علی رندھاوا کا قتل فرقہ ورانہ نہیں بلکہ سیاسی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کہا ہے کہ نعمت علی رندھاوا کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہدحیات نے بتایا کہ نعمت علی رندھاوا کے قاتل کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے نعمت علی رندھاوا سمیت 8 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کا نام کاظم عباس رضوی ہے اور اس کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 178 سے ہے۔ ملزم سے پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ نعمت علی رندھاوا ولی بابر کیس میں شامل تھے۔ نعمت علی رندھاوا کو ولی بابر قتل کیس کی پیروی پر قتل کیا گیا۔ نعمت علی رندھاوا کا قتل فرقہ ورانہ نہیں بلکہ سیاسی ہے۔
 
شاہدحیات کا کہنا تھا کہ شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، آپریشنز میں کچھ کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہماری کارروائی کسی ایک جماعت کیخلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے۔ جہاں جہاں ہمیں اطلاعات ملتی ہیں ہم وہاں وہاں کارروائی کرتے ہوئے، ہم نے لیاری، عزیز آباد اور سہراب گوٹھ سمیت کئی جگہوں پر کارروائیاں کی ہیں۔ شاہد حیات نے کہا کہ نے گزشتہ 23 سالوں کا گند صاف کرنے میں وقت تو لگے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے مجھے مار دیا جائے مگر یہ میرا کام ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی میں دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے مسلم لیگ نواز سندھ لائرز ونگ کے نائب صدر نعمت علی رندھاوا کو قتل کر دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 307295

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/307295/ایڈووکیٹ-نعمت-علی-رندھاوا-کا-قاتل-گرفتار-ملزم-تعلق-ایم-کیو-سے-ہے-آئی-جی-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org