0
Wednesday 2 Oct 2013 14:27

تحریک تحفظ ناموس رسالت کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس، جاوید ہاشمی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کااعلان

تحریک تحفظ ناموس رسالت کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس، جاوید ہاشمی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کااعلان
اسلام ٹائمز۔ تحریک تحفظ ناموس رسالت کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس زیر صدارت قاری احمد میاں منعقد ہوا۔ جس میں امیر جماعت اسلامی ملتان میاں آصف محمود اخوانی، محمد ایوب مغل، ڈاکٹر طاہر خاکوانی، علامہ خالد محمود ندیم، اطہر حسین بخاری ایڈووکیٹ، چودھری ذولفقار سندھو ایڈووکیٹ، عظیم الحق پیرزادہ ایڈووکیٹ، تاجر رہنما عارف فصیح اللہ، کنور محمد صدیق ودیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کی جانب سے وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ جاوید ہاشمی نے وضاحت میں علماء کرام کی تضحیک کی ہے۔ جاوید ہاشمی جھوٹ بولنے کی بجائے اپنے بیان کو قومی اسمبلی کے فلور پر واپس لے اور اللہ سے توبہ و استغفار کرے۔ اجلاس میں کہا گیاکہ قومی اسمبلی کے فلور پر دیئے جانیوالے بیان میں کہیں بھی جھوٹی گواہی کا ذکر نہیں اور تحفظ نا موس رسالت کے ایکٹ کو غلط کہا گیا ہے اور جاوید ہاشمی نے اپنی وضاحت میں کہا کہ میں نے اس وقت بھی اس قانون کی مخالفت کی تھی اور آج بھی کررہا ہوں۔
 
اجلاس میں کہا گیا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جاوید ہاشمی بیماری کی وجہ سے ذہنی توازن کھو چکے ہیں یا پھر قادیانیوں اور مغربی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ تو ہین رسالت کی ایف آئی آر اس وقت تک نہیں کاٹی جاتی جب تک ایس پی رینک کا پولیس افسر توہین رسالت کی بذات خود تحقیق نہ کر لے اور گواہی کا معاملہ تو اس کے بعد کا ہے۔ جھوٹی گواہی کیلئے تو قانون پہلے سے موجود ہے۔ جاوید ہاشمی کا بیان میں یہ کہنا کہ علماء کرام اگر جھوٹی شہادت کی شرعی سزا نہیں چاہتے تو میں یہ بیان واپس لیتا ہوں یہ علماء کی تضحیک کرنا ہے۔ علماء جھوٹی گواہی کی سزا کے حق میں ہیں۔ 

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ جاوید ہاشمی ملتان کا سلمان تاثیر نہ بنے اس کیلئے بہتر یہی ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے فلور پر اپنے بیان سے رجوع کا اعلان کرے اوراجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ3اکتوبر بروز جمعرات 11بجے دن چوک کچہری پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ جس میں دینی وسیاسی جماعتوں کے قائدین و کارکنان، وکلائ، تاجر، طلبہ، مزدور و سول سوسائٹی کے افراد شریک ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 307450
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش