QR CodeQR Code

سندھ حکومت کا 3 ماہ کیلئے وائبر، اسکائپ اور دیگر نیٹ ورکس پر پابندی لگانے کا فیصلہ

3 Oct 2013 23:35

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس غیر قانونی ہتھیار ہیں وہ 12 اکتوبر تک قریبی تھانوں میں رضاکارانہ طور پر جمع کروا دیں، اسکے بعد غیر قانونی ہتھیار برآمد ہوا تو سخت کارروائی کی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے حکام، ڈی جی رینجرز، ڈی آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بھی شرکت کی جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو مزید موثر بنانے کیلئے 3 مہینے کیلئے وائبر اور اسکائپ سمیت دیگر مختلف سماجی رابطوں کے نیٹ ورک پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر نے موبائل فون کو ترک کرکے ان نیٹ ورکس کے زریعے رابطے میں رہنا شروع کر دیا ہے۔
 
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے اجلاس میں اسلحے کی نمائش پر بھی فوری طور پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ پابندی پرائیویٹ کمپنیوں کے سیکیورٹی گارڈز پر بھی عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس لائسنس یافتہ ہتھیار ہے تو وہ گاڑی میں چھپا کر رکھ سکتے ہیں لیکن نمائش کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس غیر قانونی ہتھیار ہیں وہ 12 اکتوبر تک قریبی تھانوں میں رضاکارانہ طور پر جمع کروا دیں، اگر اس کے بعد کسی کے پاس سے بھی غیر قانونی ہتھیار برآمد ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے ایک بار پھر رابطہ کرے گی جس میں غیر قانونی سموں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے۔


خبر کا کوڈ: 307946

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/307946/سندھ-حکومت-کا-3-ماہ-کیلئے-وائبر-اسکائپ-اور-دیگر-نیٹ-ورکس-پر-پابندی-لگانے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org