0
Monday 12 Jul 2010 13:39

ملک میں دیوبندی،بریلوی فساد کرانے کی سازش کی جا رہی ہے،علمائے کرام متحد ہو کر اس سازش کو ناکام بنائیں،منور حسن

ملک میں دیوبندی،بریلوی فساد کرانے کی سازش کی جا رہی ہے،علمائے کرام متحد ہو کر اس سازش کو ناکام بنائیں،منور حسن
لاہور:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملک میں دیوبندی بریلوی فساد کرانے کی سازش کی جا رہی ہے،علمائے کرام متحد ہو کر اس سازش کو ناکام بنائیں۔دینی طبقہ متحد ہو کر ملک و قوم کو موجودہ خراب اور مایوس کن صورتحال سے باہر نکال سکتا ہے۔داتا دربار پر حملے میں امریکی ایجنٹ ملوث ہیں۔جب تک امریکہ خطے سے نہیں جاتااور امریکی پالیسیوں سے نجات حاصل نہیں کی جاتی،دہشت گردی اور بدامنی سے چھٹکارا حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ 
سید منور حسن نے ان خیالات کا اظہار گجرات میں"عالمی سازشیں اور علماء کی ذمہ داریاں"کے عنوان سے منعقدہ"علماء کنونشن"سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماء علامہ غلام رسول راشدی،عبدالواحد سلفی(مرکزی جمعیت اہلحدیث)،پیر سعید احمد شاہ گجراتی(ممبر اسلامی نظریاتی کونسل)،آغا مبارک علی موسوی(اسلامی تحریک) قاری حنیف الحق ارشاد(جماعت اہل سنت)،مولانا عبدالجلیل نقشبندی(اتحاد العلمائ) اور امیر جماعت اسلامی گجرات ڈاکٹر طارق سلیم و دیگر نے بھی کنونشن خطاب کیا۔
 اس موقع پر داتا دربار پر حملے اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف الگ الگ قراردادیں منظور کی گئیں۔سید منورحسن نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں،ان سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ نے متفقہ قرارداد منظور کی تھی،لیکن اس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا،خارجہ پالیسی تبدیل کی گئی نہ مذاکرات کا راستہ اپنایا گیا،بلکہ ڈومور کے امریکی مطالبے پر جا بجا آپریشن جاری ہیں اور ان کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن پاکستان کی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور دہشت گردی جی ایچ کیو سے ہوتی ہوئی داتا دربار تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی ڈکٹیشن پر کیے جانے والے فوجی آپریشن ملک میں انتشار اور دہشت گردی کا باعث بن رہے ہیں۔بلیک واٹر کے اہلکار اور امریکی میرینز اسلام آباد میں موجود ہیں،وزیر داخلہ نوٹس لینے اور ان کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنے کے بجائے ان کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔



خبر کا کوڈ : 30806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش