0
Friday 4 Oct 2013 19:53

جے یو آئی سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں کسی بڑے اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، اسلم غوری

جے یو آئی سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں کسی بڑے اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، اسلم غوری
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان محمد اسلم غوری نے کہا ہے کہ سندھ میں جے یو آئی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کسی بڑے سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اضلاع کی جماعتوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی طور پر اپنی سہولت کو محسوس کرتے ہوئے مقامی طور پر کسی بھی گروپ، اتحاد یاسیاسی جماعت سے اتحاد کر سکتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے جامعہ مسجد قدسیہ ناظم آباد میں جے یو آئی لیاقت آباد ٹاﺅن کے امیر قاری خیر الحق ابرار کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا فیض اللہ آزاد، مولانا اسرار الحق، مولانا عزیز الرحمن، مولانا عبد الرحمان، مولانا زبیر، مولانا عبداللہ، قاری اشرف و دیگر موجود تھے۔ اسلم غوری نے کہا کہ بلدیاتی نظام کسی بھی ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے انتہائی ضروری ہے، لیکن پچھلے پانچ سالوں میں سندھ کی اتحادی حکومت نے سندھ کے عوام کو اس کے ثمرات سے دور رکھا اور اب پھر ایسی باتیں سامنے آ رہی ہیں کہ جیسے آنے والے بلدیاتی انتخابات کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی انتخابات میں جو کچھ ہوا وہ کسی سے چھپا ہوا نہیں ہے لیکن اب بلدیاتی انتخابات کیلئے بھی پرانی سیریل کی نئی قسط چلانے کی کوشش ہو رہی ہیں۔ ایسا ہوا تو سندھ کے عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہو گی اور عوام میں احساس محرومی پھیلے گا۔
 
محمد اسلم غوری نے کہا کہ پچھلے عام انتخابات میں ہم دس جماعتی اتحاد کا حصہ تھے، بلکہ اس اتحاد کے بنانے میں ہمارا بنیادی کردار تھا لیکن افسوس کہ اتحاد میں شامل جماعتوں نے ہمیں مایوس کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہم نے ہر سطح پر پورے سندھ میں تمام فیصلوں کی پابندی کی اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعاون سے الیکشن لڑا لیکن دوسری طرف اتحادی جماعتوں نے جے یو آئی کی طے شدہ نشستوں پر بھی اپنے امیدوار کھڑے کرکے متفقہ فیصلوں کی خلاف ورزی کی، حتیٰ کہ جے یو آئی کے صوبائی رہنماء علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی نشستوں پر بھی اپنے امیدوار کھڑے رکھے جس سے جے یو آئی کو سندھ میں بہت نقصان پہنچا۔ جے یو آئی سندھ کے ترجمان نے کہا کہ اس مرتبہ جے یو آئی سندھ کی مجلس شوری نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ہم کسی کے اقتدار میں پہنچنے کیلئے سیڑھی کا کردار ادا نہیں کریں گے بلکہ اپنی ضرورت کے مطابق سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا اتحاد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تمام اضلاع کی جماعتوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی اپنی ضرورت کے مطابق کسی بھی اتحاد یا سیاسی پارٹی سے بلدیاتی انتخابات کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 308173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش