QR CodeQR Code

جماعت اسلامی جماعتی بنیادوں پر انتخابات کی حامی ہے، ارشد فاروق

4 Oct 2013 21:15

اسلام ٹائمز: بلدیاتی الیکشن بارے بات کرتے ہوئے رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر غیر جماعتی بنیادوں پر بھی الیکشن ہوئے تو ضرور حصہ لیا جائے گا۔ عوام صاف ستھری قیادت کو منتخب کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے نائب امیر سید ارشد فاروق نے کہا ہے کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ حکومت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کااعلان کر کے گو مگو کی کیفیت کا خاتمہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پی پی 14 کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیدوار حلقہ این اے 56 رضا احمد شاہ اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ سید ارشد فاروق نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ ہم اچھی شہرت کے حامل امیدواروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جماعتی بنیادوں پر انتخابات کی حامی ہے تاہم اگر غیر جماعتی بنیادوں پر بھی الیکشن ہوئے تو ضرور حصہ لیا جائے گا۔

رضا احمد شاہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے سے گلی محلے کی سطح پر لوگوں کے مسائل حل کر لیے جاتے ہیں۔ اب عوام کو ایک اور موقع مل رہا ہے کہ جس میں وہ اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ عوام صاف ستھری قیادت کو منتخب کریں۔ کرپٹ اور قبضہ مافیا سے جان چھڑائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر سیٹ پر اہل اور دیانت دار افراد کو نمائندگی کے لیے پیش کر رہی ہے۔ عوام صاف ستھرے کردار کے مالک افراد کومنتخب کریں تاکہ کل انہیں پچھتانا نہ پڑے۔ رضا احمد شاہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لوگ اس سے پہلے بھی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں میں منتخب ہو کر جاتے رہے ہیں۔ الحمد اللہ ان کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 308190

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/308190/جماعت-اسلامی-جماعتی-بنیادوں-پر-انتخابات-کی-حامی-ہے-ارشد-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org