0
Saturday 5 Oct 2013 14:39

زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے پاک فوج کیساتھ تعاون کیا جائے، عبدالقدوس بزنجو

زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے پاک فوج کیساتھ تعاون کیا جائے، عبدالقدوس بزنجو

اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے آواران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ زلزلے سے ضلع آواران اور کیچ کے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ماؤں بہنوں اور بچوں کے سر پر چھت نہیں اور نہ ہی ان کے پاس کھانے کے لیے کچھ ہے۔ ایسے حالات میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عملے پر فائرنگ کرنا یا امدادی عمل میں رکاوٹ ڈالنا اپنے ہی لوگوں کو دکھ اور تکلیف پہنچانے کے مترادف ہے۔ یہ وقت لڑنے کا نہیں بلکہ جنگ بندی کا ہے۔ اپنی ماؤں بہنوں کے سر پر ہاتھ رکھنے کا وقت ہے۔ وقت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم ان کی مدد کریں اور ریلیف پہنچانے والوں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہماری روایات رہی ہیں کہ مصیبت اور مشکل گھڑی میں آپس کی رنجشیں ختم کرکے علاقے اور عوام کی بہتری کے لیے کام اور ایک دوسرے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان زلزلہ متاثرین کے مدد اور بحالی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے دیگر صوبوں کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں حسب توفیق متاثرین کی مدد کریں۔ تاکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیاں فوج اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ ضلع کے تمام علاقوں میں راشن کی ترسیل کا کام منصفانہ انداز میں جاری ہے۔ پاک فوج کے جوان امن و امان قائم رکھنے کے لیے علاقے میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ہماری کوشش ہے کہ جب تک متاثرین کے گھر دوبارہ تعمیر نہیں ہو جاتے، اس وقت تک انہیں راشن فراہم کرتے رہیں۔ انہوں نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس رات زلزلہ آیا اسی رات میڈیا نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر اس کی بھرپور طریقے سے کوریج کی اور زلزلے سے متعلق صورتحال سے پورے ملک اور عالمی برداری کو مسلسل آگاہ رکھا۔

خبر کا کوڈ : 308375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش