QR CodeQR Code

امریکی حکومت کو ناقابل اعتماد، خود پسند، غیر منطقی اور عہد شکن سمجھتے ہیں، سید علی خامنہ ای

5 Oct 2013 23:48

اسلام ٹائمز: انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت صیہونیوں کے شکنجے میں گرفتار ہے، درحقیقت یہ حکومت اسرائيلی اور صیہونی حکومت کے مفادات کی حفاظت کرتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ امریکی حکومت پوری دنیا سے تاوان وصول جبکہ صیہونیوں کو تاوان ادا کرتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی موجودگی میں ایران کے دارالحکومت تہران میں فضائیہ کی شہید ستاری یونیورسٹی میں فوجی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل اور تربیت یافتہ فوجی جوانوں کی حلف برداری اور نشان عطا کرنے کی ساتویں تقریب منعقد ہوئی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تقریب کے مقام پر پہنچنے سے قبل فوج کے شہداء کی یادگار پر حاضر ہو کر فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا فرمائی۔ اس کے رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گراؤنڈ میں موجود دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے نئے جوانوں کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی دلیر اور شجاع فوج کے ساتھ ملحق ہونے کو باعث فخر قرار دیا اور قومی اتحاد و اسلامی نظام کے اندرونی استحکام کے ساتھ مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں کے مضبوط و مستحکم ہونے اور مکمل دفاعی آمادگی پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کے سفارتی تحرک اور نیویارک کے سفر کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ ہمیں خدمتگزار حکومت پر مکمل اعتماد اور اطمینان ہے، لیکن نیویارک کے سفر میں بعض اقدام بجا نہیں تھے کیونکہ ہم امریکی حکومت کو ناقابل اعتماد، خود پسند، غیر منطقی اور عہد شکن سمجھتے ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ ہمیں اپنے حکام پر اعتماد ہے اور ہم ان سے چاہتے ہیں کہ وہ دقت اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مضبوط اور مستحکم قدم اٹھائیں اور قومی مفادات کو ہرگز فراموش نہ کریں۔ انقلاب اسلامی کے سربراہ نے اسلامی نظام کے اندرونی استحکام پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے ابتدائی ایام سے انقلاب اور ایرانی قوم کے محافظ اور پیشرفت کا سبب بننے والے اصلی عناصر و عوامل پر توجہ، اسلامی نظام کے اعلٰی اصولوں پر توجہ، اور قومی عزت و عظمت پر توجہ مبذول رہنی چاہیے، لہذا قومی عزت اور اس کے تشخص کا دفاع، تمام حکام اور قوم کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ 

انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر نے امریکہ پر اسلامی نظام کی بے اعتمادی کی طرف اشارہ کیا اور امریکی حکومت کو صہیونیوں کے شکنجے میں گرفتار حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت درحقیقت اسرائيلی اور صہیونی حکومت کے مفادات کی حفاظت کرتی ہے اور پوری دنیا سے تاوان وصول کرکے صہیونیوں کو تاوان ادا کرتی ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ ایرانی قوم کسی بھی ملک کے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن اسلامی نظام کے استحکام کے لئے مسلح افواج کا استحکام ضروری ہے۔ لہذا فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، رضاکار فورس اور پولیس اہلکاروں کو دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں مضبوط اور مستحکم حصار قائم کرنا چاہیے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دشمنوں کی مسلسل اور بار بار دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو زبانی اور لفظی طور پر دھمکی دینے والے تمام لوگ جان لیں کہ ایرانی قوم کیخلاف ہر قسم کی شرارت کا جواب بہت ہی سنگین، سنجیدہ اور سخت ہوگا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ ایرانی قوم نے اپنے مفادات اور انقلابی اصولوں کے دفاع کے سلسلے میں بھی اپنے پختہ عزم کو ثابت کیا ہے اور امن و صلح اور مسالمت آمیز زندگی کرنے کا ثبوت بھی دیا ہے کیونکہ یہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے اختتام پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج بالخصوص فضائیہ کی شجاعت اور قربانیوں، آٹھ سالہ دفاع مقدس کے شہداء منجملہ شہید بابائی اور شہید ستاری کی یاد تازہ کرتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی حکومت کے اعلٰی اہداف و مقاصد پر توجہ اور قومی سربلندی کو اسلامی انقلاب کے اہداف اور ملت ایران کو ترقی دلانے والے عناصر میں شمار کیا ہے۔ رہبرا نقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے آج کیڈٹ کالج میں فوجی افسروں کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں فوج کے ہمیشہ آمادہ رہنے اور مسلح افواج کو دفاعی لحاظ سے مستحکم بنانے نیز اسلامی نظام کے اندرونی ڈھانچے کی تقویت اور اسی طرح قومی اتحاد کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کی سفارتکاری منجملہ نیویارک کے حالیہ دورے کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ خدمت گذار حکومت پر اعتماد کرتے ہیں اور اس سے امیدیں وابستہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام، امریکہ کے نقطۂ نظر سے مختلف ہے اور یہ نظام امریکہ پر اعتماد نہیں کرتا کیونکہ امریکہ کی حکومت صیہونی حکومت کے چنگل میں پھنسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت درحقیقت صیہونیوں کے مفادات کے لئے کام کرتی ہے اور ساری دنیا سے تاوان وصول کرکے صیہونی حکومت کو تاوان ادا کرتی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای نے کہا کہ ملت ایران کبھی بھی کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں رہی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو مستحکم کرنا اسلامی نظام کی سلامتی برقرار رکھنے کا بنیادی سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج خواہ سپاہ پاسداران ہوں، فوج یا پھر بسیج و پولیس ہو، انہیں دشمن کی سازشوں کے مقابل مستحکم حصار بنے رہنا چاہیئے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے، جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، دشمن کی بار بار کی نفرت انگيز دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو ملت ایران کو دھمکیاں دینے کی عادت ہوچکی ہے انہیں جان لینا چاہیئے کہ ملت ایران ہر جارحیت کا نہایت سخت جواب دے گی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ملت ایران نے اپنے اہداف و مقاصد اور مفادات کے تحفظ نیز امن و سلامتی اور پرامن بقائے باہمی کے لئے اپنی ثبات قدمی کو ثابت کر دیا کیونکہ یہ دونوں امور آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران فوج بالخصوص فضائیہ کی جانفشانی اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے مقدس دفاع کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔


خبر کا کوڈ: 308497

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/308497/امریکی-حکومت-کو-ناقابل-اعتماد-خود-پسند-غیر-منطقی-اور-عہد-شکن-سمجھتے-ہیں-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org