0
Sunday 6 Oct 2013 01:22

نواز حکومت پہلے دن سے ہی عالمی مالیاتی اداروں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، حلیم عادل شیخ

نواز حکومت پہلے دن سے ہی عالمی مالیاتی اداروں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ تین ماہ میں ہی اپنی کمزوری کا اعتراف کرنے والی نواز لیگ کی وفاقی حکومت مہنگائی کی کڑوی گولی خود کیوں نہیں نگلتی، عوام کو کس بات کی سزا دی جا رہی ہے۔ راتوں رات امیر بننے کی ہوس نے پورے ملک کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے۔ نواز حکومت اقتدار کے پہلے دن سے ہی عالمی مالیاتی اداروں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جس کی وجہ سے وفاقی حکومت کی کارکردگی اب مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ بجلی کے نرخوں اور پٹرولیم مصنوعات کے اضافے نے وزراء اور سیاستدانوں کی تو چاندی کر دی ہے مگر عوام اب خود کشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نواز لیگ کی معاشی پالیسیوں میں ریلیف کم اور مشکلات زیادہ ہیں، یہ لوگ معاشی بدحالی اور دہشت گردی جیسے معاملات میں جراتمندانہ اقدامات سے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے عوام کو اس سے بڑھ کر اور کچھ نہیں دیا ہے کہ اپنی تمام تر مشکلات کا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے۔
 
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پورا ملک آفتوں کی زد میں ہے اور حکمرانوں کو بیرون ممالک کے دوروں سے فرصت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان کو جس بے دردی سے عوام پر لادا جا رہا ہے اس کے اثرات عوام کو تو ذہنی مریض بنا رہے ہیں مگر حکمران یہ بات بھی جان لیں کہ ان کے ظلم کی دکان اب زیادہ دیر نہیں چلنے والی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ حکومت نے عوام کی زندگیاں آسان بنانے کی بجائے مشکل کر دی ہے۔ حکومت کے مسلسل ظالمانہ رویوں نے عوام کے دلوں میں ایک منفی رائے پیدا کر دی ہے، عوام اپنے حقوق کو حاصل کرنے کے لیے اب سڑکوں پر آ چکی ہے، جس سے اس بات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں رہا کہ یہ گزشتہ ادوار کی طرح اس بار بھی اپنی مدت کو پورا نہیں کر سکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 308516
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش