0
Sunday 6 Oct 2013 20:05

چرچ حملہ عین شریعت ؟ سنی اتحاد کونسل نے طالبان کو مناظرے کا چیلنج دیدیا

چرچ حملہ عین شریعت ؟ سنی اتحاد کونسل نے طالبان کو مناظرے کا چیلنج دیدیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے علماء بورڈ کے سربراہ شیخ الحدیث علامہ محمد شریف رضوی اور سنی اتحاد کونسل سے وابستہ دوسرے مفتیانِ کرام مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد اکبر رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد یونس رضوی، مفتی محمد رمضان جامی، علامہ حامد سرفراز، علامہ باغ علی رضوی، علامہ محمد اشرف گورمانی، علامہ فیصل عزیزی، علامہ قاری فیض بخش رضوی نے طالبان ترجمان کی طرف سے چرچ پر حملے کو اسلامی اصولوں کے عین مطابق قرار دینے پر صحیح اسلامی نقطۂ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ چرچ پر حملے کو اسلامی اصولوں کے مطابق قرار دینا شریعت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ علمائے اہلسنّت اس مسئلے پر طالبان کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہیں۔ چرچ پر حملہ اسلامی اصولوں کے منافی اور غیرشرعی مجرمانہ فعل ہے۔ طالبان ترجمان کا بیان گمراہ کن اور غلط تعبیرِ اسلام پر مبنی ہے۔ طالبان ترجمان نے چرچ پر حملے کو جائز قرار دے کر اسلام کو بدنام کیا ہے۔ علمائے حق واضح کرتے ہیں کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق اور آزادی کا علمبردار ہے۔

علما کا کہنا تھاکہ اسلام نے غیرمسلموں کی عبادت گاہوں کو گرانے سے منع کیا ہے اور اسلام نے اسلامی ریاست کے لیے اقلیتوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ لازم قرار دیا ہے، چرچ پر حملہ کرنے والے پیغمبرِ اسلام(ص) کی نافرمانی اور گناہِ عظیم کے مرتکب ہوئے ہیں، چرچ پر حملے کو کسی بھی لحاظ سے درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عہدِ نبوی(ص) اور خلفائے راشدین کے دور میں اقلیتوں کو باقاعدہ تحفظ دیا گیا، اسلامی ملک میں بسنے والے غیرمسلموں کو تحفظ دینا اسلامی حکومت کے ذمہ لازم ہے، چرچ پر حملہ کرنے والوں نے اسلام کا خوبصورت چہرہ مسخ کیا ہے کیونکہ مسلمان غیرمسلمانوں کی عبادت گاہوں پر حملے کی اجازت ہرگز نہیں دیتا۔ سنی اتحاد کونسل کے علماء بورڈ اور مفتیانِ اہلسنّت نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے اپیل کی ہے کہ وہ مصلحتوں کو چھوڑ کر چرچ پر حملے کے معاملے میں صحیح اسلامی نقطۂ نظر قوم کے سامنے پیش کریں تاکہ اسلام کو بدنام کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے اور انتہاپسندانہ سوچوں کا راستہ روکا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 308745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش