0
Monday 7 Oct 2013 20:36

طلباء اپنا رشتہ اسلحہ کے بجائے کتاب سے جوڑیں، وسیم اختر

طلباء اپنا رشتہ اسلحہ کے بجائے کتاب سے جوڑیں، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کراچی کے صدر وسیم اختر نے کہا ہے کہ مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ گزشتہ 19 سالوں سے تعلیمی اداروں میں فروغ تعلیم اور فروغ امن کیلئے کوشاں ہے۔ ہمارامقصد اعلیٰ تعلیمی معیار اور اسلام کے آفاقی نظام کو طلباء تک پہنچانا ہے۔ قوموں کی تعمیر میں باشعور نوجوان اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہم طلباء یونین کے حق میں ہیں مگر کسی بھی گروہ کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ تعلیمی اداروں کا ماحول خراب کرے اور وہاں کے پرامن ماحول سے کھیلے۔ طلباء اپنا رشتہ اسلحہ کے بجائے کتاب سے جوڑیں اور معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے 19ویں یوم تاسیس کے موقع پر منہاج ماڈل اسکول آگرہ تاج میں منعقدہ ”فروغ امن سیمینار“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
وسیم اختر نے کہا کہ ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا عہد کرتے ہیں۔ فروغ امن کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جدوجہد ہمارے لئے زاد راہ ہے۔ اس موقع پر مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل رضوان بشیر نے کہا کہ تعلیم کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی لہذا طلبہ کی اولین ذمہ داری صرف اور صرف تعلیم کا حصول ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں طلباء اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے حالیہ طوفان کی وجہ سے طلباء کا تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو چکا ہے۔ علم کی اہمیت سے بہرہ ور قومیں اپنے ممالک میں بچوں کو مفت تعلیم دے رہی ہیں لیکن پاکستان میں تعلیم کا حصول مشکل ہو گیا ہے، جس کی وجہ کرپٹ نظام انتخاب ہے۔ رضوان بشیر کا کہنا تھا کہ ملک میں نظام تعلیم کو بہتر اور آسان بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 309074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش