QR CodeQR Code

عیدالاضحیٰ پر غنڈہ گردی کی گئی تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی، راشد نسیم

7 Oct 2013 21:06

اسلام ٹائمز: ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر نے کہا کہ مسلح افراد کے سامنے قربانی کی کھالیں جمع کرنا جہاد سے کم نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ چہروں کی تبدیلی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ دھاندلی اور غنڈہ گردی کے ذریعے منتخب ہونے والوں کو عوام کے مسائل اور پریشانیوں کی کوئی خبر نہیں ہے۔ کارکنان چرم قربانی مہم میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں۔ طاغوتی قوتیں اور اسلام دشمن عناصر مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں بھی دخل اندازی کرتے ہیں اور مذہبی فریضہ بھی سرانجام دینے نہیں دیا جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لانڈھی غربی زون کے تحت ورکرز کنونشن سے اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔ اس موقع پر الخدمت کے نگراں سید اورنگزیب حیدر، چودھری سرفراز احمد، امیر غربی زون محمد شفیق اور عبید الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ راشد نسیم نے کہا کہ اگر عید الضحیٰ کے موقع پر زبردستی اور غنڈہ گردی کی گئی تو اس کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہوگی۔
 
راشد نسیم نے کہا کہ الخدمت اور اُس کے کارکنان اپنی عید کی خوشیاں قربان کرکے اپنے غریب اور مستحق بہن بھائیوں کے لئے قربانی کی کھالیں جمع کرتے ہیں۔ اپنے عید کے نئے کپڑے خون میں لت پت کرتے ہیں، ان کا صلہ دنیا میں نہیں بلکہ آخرت میں ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افراد کے سامنے قربانی کی کھالیں جمع کرنا جہاد سے کم نہیں۔ الخدمت کے نگراں سید اورنگزیب حیدر نے کہا کہ کارکنان بھرپور طریقے سے چرم قربانی مہم میں حصہ لیں۔ اللہ تعالیٰ پہلے کی طرح آپ کی مدد کریگا۔ چودھری سرفراز احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ فراہم کریں اور کراچی کی عوام کو اپنی مرضی کے مطابق فلاحی جماعتوں کو کھالیں دینے کی اجازت ہونی چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 309081

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/309081/عیدالاضحی-پر-غنڈہ-گردی-کی-گئی-اس-ذمہ-دار-سندھ-حکومت-ہوگی-راشد-نسیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org