QR CodeQR Code

انتخابی دھاندلی کے منصوبے میں سامراجی قوتوں بالخصوص امریکی ایماء شامل تھی، غنویٰ بھٹو

10 Oct 2013 00:23

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں چیئرپرسن پی پی شہید بھٹو نے کہا کہ سامراجی قوتیں یہ طے کر چکی ہیں کہ وہ پاکستان میں اپنے ایجنڈے کی باآسانی تکمیل کیلئے زرداری لیگ اور نواز لیگ کو مسند اقتدار تک پہنچاتی رہیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 256 میں ہونے والی دھاندلی سے متعلق نادرا کی سائنسی بنیاد پر تحقیق اور اس سے متعلق ثبوت کی فراہمی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ بات پائے ثبوت کو پہنچ چکی ہے کہ گذشتہ 11 مئی کے انتخابات قطعی طور پر متنازعہ ہیں اور انتخابات میں دھونس دھاندلی اور دولت کے بل بوتے پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور بڑے پیمانے پر کی جانے والی دھاندلی کے نتیجہ میں وجود میں آنے والی اسمبلیاں بھی ارکان کی طرح جعلی ہیں جو عوام کو درپیش سنگین نوعیت کے مسائل حل نہیں کر سکتیں۔ سترکلفٹن سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا کہ مذکورہ انتخابات میں جس سانٹیفک طریقے سے انتخابات سے قبل دھاندلی کا منصوبہ بنایا گیا تھا اس منصوبہ کی ترتیب میں سامراجی قوتوں بالخصوص امریکا کی ایما شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی قوتیں یہ طے کر چکی ہیں کہ وہ ملک میں موجود اکثر جماعتوں کے اشتراک سے زرداری لیگ اور نواز لیگ کو مسند اقتدار تک پہنچاتی رہیں گی تاکہ ان کے ایجنڈے کی تکمیل میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ایسی قوتیں جو حقیقی معنوں میں حقیقی جمہوری اقدار کو فروغ دینا چاہتی ہیں اور وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں مخلص ہیں، ان کو انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے ہروایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے عوام کا اعتماد جمہوریت سے اٹھتا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 309821

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/309821/انتخابی-دھاندلی-کے-منصوبے-میں-سامراجی-قوتوں-بالخصوص-امریکی-ایماء-شامل-تھی-غنوی-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org