0
Thursday 10 Oct 2013 17:47

وزیراعظم پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سپیشل فورس تشکیل دینے کا اعلان

وزیراعظم پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سپیشل فورس تشکیل دینے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے انسداد دہشت گردی کیلئے اسپیشل فورس تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے جلد ٹرائل کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے ذریعے مجرموں کی ضمانت نہیں ہونے دیں گے، چرچ پر حملہ مسیحی برادری نہیں، پاکستان پر حملے کے مترادف ہے، دہشت گردوں کو کیفر کر دار تک پہنچا کر ہی دم لینگے، کراچی میں ٹارگٹٹڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے، مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، آپریشن جاری رہیگا۔ جمعرات کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن وامان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، خارجہ امور سے سیکرٹری سرتاج عزیز، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور دیگر وفاقی و صوبائی وزراء شریک ہوئے۔

اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے چرچ دھماکے پر مسیحی برادری سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں اور حکومت ان دہشت گردوں کو کیفردار تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید ہتھیار دیں گے، حکومت ایسے قوانین بنا رہی ہے جن سے دہشت گرد اپنے کیفر کردار تک پہنچیں گے جبکہ دہشت گردوں کے جلد ٹرائل کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امتیازی سلوک کا لفظ ہماری ڈکشنری میں نہیں، ہمیں عیسائی برادری بھی دیگر پاکستانیوں کی طرح ہی عزیز ہے اور چرچ پر حملہ مسیحی برادری نہیں بلکہ پاکستان پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن کی بحالی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائے گی، پولیس کو مضبوط بنایا جائے گا اور انسداد دہشت گردی کیلئے سپیشل فورس بھی تشکیل دی جائے گی۔کراچی کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آرہے ہیں اور امید ہے کہ آگے بھی اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اقدامات اٹھانے کے ساتھ یہ بھی کوشش کر رہی ہے کہ مجرموں کو عدالت سے بھی سزا ملے اور انہیں ایک صوبے سے دوسرے صوبے کی جیل بھی منتقل کیا جا سکے۔ ایک اور سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تربیت یافتہ فورس موجود نہیں۔ تمام صوبوں کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا صورتحال غیر معمولی ہے جس پر قابو پانے کیلئے اقدامات بھی غیر معمولی اٹھانا ہوں گے۔ وزیر اعظم نے لوڈشیڈنگ کو بھی سابق حکومت کی ناقص پالیسی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ بعد ازاں گورنر ہاؤس پشاورمیں مسیحی برادری سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے، بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات پر تشویش ہے۔ چرچ میں انسانوں کو بے گناہ قتل کیا گیا، مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہے۔
خبر کا کوڈ : 310032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش