0
Friday 11 Oct 2013 18:28

نادرا رپورٹ ثبوت ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ کے دعویدار جھوٹ کے پہاڑ پر بیٹھے ہیں، خرم شیر زمان

نادرا رپورٹ ثبوت ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ کے دعویدار جھوٹ کے پہاڑ پر بیٹھے ہیں، خرم شیر زمان

اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 256 کے حوالے سے نادرا کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا کہ 11 مئی کو عام انتخابات کے روز کراچی میں ٹھپہ مافیا کا راج تھا۔ تحریک انصاف کی قیادت نے روز اول سے ہی یہ مطالبہ کیا تھا کہ غیر جانبدار الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ بائیو میٹرک سسٹم یعنی الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے انتخابات کرائے جائیں لیکن مخصوص ذہنیت رکھنے والی سیاسی جماعتوں نے تحریک انصاف کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور آج یہ ثابت ہو گیا کہ حالیہ انتخابات کو دھاندلی کی بھینٹ چڑھا کر عوامی مینڈیٹ کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب پی ایس 112 کے مختلف علاقوں صدر ٹاﺅ ن، گذری، شاہ رسول کالونی، ٹیکری کالونی اور ہجرت کالونی کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنان اور علاقہ معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ایک حلقہ میں جب ہزاروں ووٹ جعلی اور بوگس شناختی کارڈ سے ڈالے گئے ہوں تو اس انتخابی نتائج کو کوئی بھی مہذب معاشرہ تسلیم نہیں کر سکتا۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ نادرا کی حالیہ رپورٹ سے ثابت ہو گیا کہ شہر کراچی کے مینڈیٹ کے دعویدار جھوٹ کے پہاڑ پر بیٹھے ہوئے ہیں اور عام انتخابات میں اہلیان کراچی نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دے کر شہر کراچی میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے عوامی مینڈیٹ کو چوری کرنے والوں کو سزائیں نہیں دیں تو مستقبل میں پاکستانی عوام کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ جائے گا اور ہر بار اس طرح کے جعلی انتخابات ہونگے اور حقیقی جمہوریت کے بجائے لوگ دھاندلیوں کے ذریعے اسمبلی تک پہنچیں گے۔ انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس سے جمہوریت کے ساتھ ساتھ پاکستان کا بھی نقصان ہوگا، کیونکہ چوری اور بے ایمانی سے اسمبلی میں پہنچنے والے اراکین ملک اور قوم کے مفاد کے بجائے اپنے ذاتی مفادات کے ساتھ پارٹی کے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے زہر قاتل ثابت ہوگا۔

خبر کا کوڈ : 310336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش