0
Sunday 13 Oct 2013 15:22

اسلامی اصولو ں کو فراموش کرکے ہم ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں، علامہ مظہر الحق قادری

اسلامی اصولو ں کو فراموش کرکے ہم ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں، علامہ مظہر الحق قادری
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت سندھ کے نائب ناظم علامہ شاہ مظہر الحق قادری نے کہا ہے کہ آج اسلام کے سنہرے اصولوں کو فراموش کرکے ہم ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں۔ مادیت پرستی کے بڑھتے ہوئے رجحان نے ہم سے ہماری دینی اقدار چھین لی ہیں۔ اپنی نشاة ثانیہ بحال کرنے اور زندگیوں میں اسلامی انقلاب برپا کرنے کیلئے اسوہ رسول (ص) کو مشعل ِ راہ بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنت پاکستان سندھ اور اتحاد عوام اہلسنت کونسل کے زیر اہتمام مرکزی مدینہ مسجد لانڈھی نمبر 4 میں ”اصلاح معاشرہ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قاضی نور الاسلام شمس، صاحبزادہ اسد احمد مجددی، مفتی غلام حسین نقشبندی نے بھی خطاب کیا۔ شاہ مظہر الحق قادری نے کہا کہ آج کی مسلم دنیا مغربی ثقافت کی اسیر ہو چکی ہے۔ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی لعنت کا بنیادی سبب بھی حقیقی اسلامی تعلیمات سے غفلت و بے رغبتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت قوم ہمارے اعمال اللہ کی ناراضگی کا باعث ہیں اسی لئے دہشت گردی بدامنی، بجلی و گیس کی قلت، رزق کی کمی، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکی ہے۔

کانفرنس سے خطاب میں قاضی نور الاسلام شمس نے کہا کہ دین اسلام ہی اس وقت دنیا کو امن و سلامتی کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔ مغربی معاشرہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور مادر پدر آزاد ہے، ایسے میں ضروت اس امر کی ہے کہ دنیا بھر میں محبت رسول (ص) کے جذبوں کو پروان چڑھایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت قیام امن اور نظام مملکت چلانے کے لئے سیرت مصطفی (ص) سے بڑھ کر کوئی اور دستور و منشور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پرفتن دور میں مسلم حکمرانوں کو چاہیئے وہ سیرت مصطفی (ص) کو اپنا آئیڈئل قرار دے کر اخلاق حسنہ اور حسن سلوک کو اپنے لئے مشعل راہ بنالیں تو امت کی عظمت رفتہ بحال ہو سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 310850
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش