QR CodeQR Code

عوام کی دولت پر عیاشی کی اجازت نہیں دیں گے، شاہ غلام قادر

14 Oct 2013 11:04

اسلام ٹائمز: میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایم ایل نواز کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے وزراء دوغلی پالیسی ترک کریں۔ وزیرامور کشمیر کے آئین و قانون کی بحالی کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ وزیر امور کشمیر کی جانب سے آزاد کشمیر میں کرپشن کی روک تھام، گڈگورننس، آئین و قانون کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ موجودہ وزیر امور کشمیر شریف النفس، آئین و قانون اور اقدار کی پاسداری کرنے والی شخصیت ہیں۔ حکومتی اراکین کی جانب سے وزیر امور کشمیر کے خلاف بیان بازی افسوس ناک ہے۔ حکومتی وزراء دوغلی پالیسی ترک کریں یہی حکومتی وزراء کل وزیر امور کشمیر کی خوشامد کے لیے کوہالہ پل پر استقبال کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے میں مصروف تھے اور آج جب وزیرامور کشمیر نے ان کی دم پر پائوں رکھا ہے تو چیخ اٹھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز مظفرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ 

انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نااہل حکمرانوں کو کرپشن کی لت لگ چکی ہے اور وزراء حکومت میں کرپشن کی نئی داستانیں رقم کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے اور اب وزیر امور کشمیر نے آزاد کشمیر میں خلاف آئین و قانون حکومتی اقدامات، بیڈ گورننس، کرپشن اور مالیاتی ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا تو لفظ قومی تشخص سے نابلد حکومتی اراکین نے قومی تشخص کی دہائی دینا شروع کر دی۔ لیکن نااہل حکمران یاد رکھیں کہ کشمیری عوام کے پیسے پر کسی کو بھی عیاشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

شاہ غلام قادر نے کہا کہ حقیقت میں پیپلز پارٹی نے ریاستی تشخص کا حلیہ ہی بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ ریاستی تشخص کسی مجاور کا کمبل نہیں کہ جب دل چاہا اوڑھ لیا اور جب دل چاہا گڑھی خدا بخش کے مزاروں پر ڈال دیا۔ یو این سی آئی پی کی قراردادوں کے تحت آزاد حکومت ایک لوکل اتھارٹی ہے اور حکومت پاکستان کا وزارت امور کشمیر کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر میں ایک آئینی کردار ہے اور وزیر امور کشمیر کو یہ پورا اختیار حاصل ہے کہ وہ وزارت کشمیر کے تحت جاری ہونے والے فنڈز کا حساب لے سکیں۔


خبر کا کوڈ: 311043

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/311043/عوام-کی-دولت-پر-عیاشی-اجازت-نہیں-دیں-گے-شاہ-غلام-قادر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org